ایک مہینہ ہے آپکے پاس، کارکردگی دکھائیں ورنہ گھر جائیں، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو وارننگ دیدی گئی

لاہور (پی این آئی) عثمان بزدار پر مکمل اعتماد ہے، کام جاری رکھیں، جہانگیر ترین گروپ نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو ایک مہینہ میں کارکردگی نہ دکھانے کی صورت میں سخت انجام کی وارننگ سے یوٹرن لے لیا- تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین گروپ کے وفد نے ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب پر اعتماد کا اظہار کیا، ڈیڈ لائن یا دوسرا کوئی بیانیہ نہیں تھا۔انہوں نے کہا کہ ترین گروپ کے ایک رکن کے تحفظات پر جہانگیر ترین کو خود وضاحت کرنی چاہیے تھی۔ خیال رہے کہ نجی ٹیلی ویژن چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ترین گروپ کے رکن اسمبلی نذیر چوہان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کو کارکردگی دکھانے کے لیے ایک مہینہ دیا ہے، اگر وہ ڈیلیور نہ کرسکے تو ہمارا گروپ جو کرے گا وہ سب دیکھیں گے، ڈلیور کرنے کا کہتے کہتے تھک چکے ہیں۔دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے جہانگیر ترین ہم خیال گروپ کو شاہ محمود قریشی نے بھی وارننگ دی تھی- نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ بجٹ آنے والا ہے، فنانس بل پر مخالفت کرنے والوں کی پارٹی رکنیت ختم ہوسکتی ہے۔ انہیں یقین ہے کہ ہم خیال گروپ ایسا نہیں کرے گا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ عمران خان پر اعتماد نہ کرنے والوں کی تحریک انصاف میں کوئی جگہ نہیں، پی ٹی آئی عمران خان ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ووٹرز نہ ہوتے تو یہ لوگ بھی اسمبلی میں نہیں ہوتے، عمران خان کو لیڈر مانتے ہیں تو لیڈر کے فیصلوں پر آمادگی ظاہر کرنا ہوتی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close