اسلام آباد (پی این آئی) وفاقی وزیر فواد چودھری نے جہانگیر ترین گروپ سے ملاقات کی ۔ ذرائع کے مطابق ترین گروپ نے فواد چودھری کو وزیر اعلیٰ کی جانب سے کیے گئے وعدوں سے آگاہ کیا اور مطالبات کی منظوری کی گارنٹی بھی مانگی۔ پاکستان تحریک انصاف ترین گروپ نے کہا کہ وزیر اعظم کو بتائیں کہ ہمارے حلقوں کے مسائل ہیں، عوام ہم سے توقعات رکھتے ہیں۔ذرائع کے مطابق اُن کا کہنا تھا کہ ہم وزیر اعظم کے ساتھ کھڑے ہیں، ترین کے خلاف رپورٹ آئی تو راستے جُدا کر لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جو کرپٹ ہے اُس کو پکڑیں لیکن ہمارے مسائل تو حل کریں۔ میڈیا ذرائع کے مطابق انہوں نے مطالبہ کیا کہ فیصل واوڈا جیسے وزرا کو بیان بازی سے روکیں، باتیں ہمیں بھی بہت آتی ہیں۔اس موقع پر وفاقی وزیر فواد چودھری نے ترین گروپ کو یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ آپ کے مسائل سے متعلق وزیراعظم عمران خان کو آگاہ کروں گا۔انہوں نے مزید کہا کہ عامر کیانی اور سیف اللہ نیازی پنجاب کے معاملات پر نظر رکھیں گے، تلخ جملوں سے اجتناب کرنا چاہئیے۔ خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے سینئر سیاستدان جہانگیر خان کے ہم خیال سیاستدانوں نے جہانگیر ترین گروپ کے باقاعدہ قیام کا اعلان کیا تھا۔ جہانگیر ترین گروپ نے فوری طور پر قومی اور صوبائی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈرز بھی مقرر کردیے ہیں۔پنجاب اسمبلی کے رکن نذیر چوہان کے مطابق راجہ ریاض کو قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر جبکہ سعید اکبر نوانی پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر ہوں گے۔ اس کے علاوہ جہانگیر ترین گروپ نے تین رکنی مذاکراتی کمیٹی بھی قائم کردی ہے جس کے اراکین میں راجہ ریاض، نعمان لنگڑیال اور وہ خود شامل ہیں۔جہانگیر ترین گروپ کے باضابطہ گروپ کے قیام کا اعلان جہانگیر ترین کی جانب سے دیے گئے عشائیے میں کیا گیا تھا۔ یاد رہے کہ دو روز قبل پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اور ناراض پارٹی رہنما جہانگیر ترین گروپ کے درمیان پہلا باضابطہ رابطہ ہوا تھا۔ اس موقع پر حکومت اور جہانگیرترین گروپ کے درمیان معاملات طے پا گئے تھے۔ جہانگیرترین گروپ نے بجٹ اجلاس کے بائیکاٹ کا فیصلہ واپس لے لیا تھا ۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں