کہاں کہاں تعلیمی ادارے کھل جائیں گے اور کہاں بند رہیں گے؟ تفصیلات آگئیں

اسلام آباد (پی این آئی) ترجمان وزارت تعلیم نے کہا ہے کہ این سی اوسی نے ملک کے مختلف اضلاع میں 6 جون تک تعلیمی ادارے بند رکھنے کی ہدایت کی ہے، پنجاب کے 20 اضلاع ، سندھ کے 12، خیبر پختونخواہ 14، آزاد کشمیر کے4، بلوچستان اور اسلام آباد کے ایک، ایک ضلع میں تعلیمی ادارے بند رہیں گے، تعلیمی اداروں کی بندش کورونا کیسز کی شرح 5 فیصد سے زیادہ ہونے پر کی گئی۔ترجمان وفاقی وزارت تعلیم کے مطابق پنجاب کے 20 اضلاع میں تعلیمی ادارے 6 جون تک بند رہیں گے۔ ان میں اٹک، لاہور، فیصل آباد، ملتان، راولپنڈی میں تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔ سندھ کے12 اضلاع میں بھی تعلیمی ادارے 6 جون تک بند رہیں گے۔ ان اضلاع میں بدین ، دادو، حیدرآباد، سکھر، کراچی سمیت دیگر شامل ہیں۔خیبرپختونخواہ کے 14 اضلاع میں بھی تعلیمی ادارے 6 جون تک بند رہیں گے۔ان اضلاع میں ایبٹ آباد، چارسدہ، کوہاٹ، مردان، نوشہرہ، پشاور ودیگر شامل ہیں۔ ان اضلاع میں تعلیمی ادارے کورونا کیسز کی شرح 5 فیصد سے زیادہ ہونے کے باعث بند کیے گئے۔ اسی طرح آزاد کشمیر کے 4 ، بلوچستان اور اسلام آباد کے ایک، ایک ضلع میں تعلیمی ادارے 6 جون تک بند رہیں گے۔ آزاد کشمیر مجیں مظفرآباد، باغ اور پونچھ میں بھی تعلیمی ادارے 6 جون تک بند رہیں گے۔پنجاب میں 24 مئی سے مختلف اضلاع میں نجی و سرکاری سکول کھولنے کا اعلان کردیا گیا ہے، وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے اپنے ٹویٹ میں اعلان کیا کہ 24 مئی بروز پیر سے پنجاب بھر میں مختلف 11اضلاع میں نجی و سرکاری سکول کھولنے کی اجازت ہوگی۔ سکولوں میں ہفتے میں چار روز کیلئے 50 فیصد حاضری کے ساتھ کھولا جاسکے گا۔ اس دوران سکولوں میں حکومت پنجاب کے جاری کردہ ایس اوپیز پر عملدرآمد یقیینی بنانا ہوگا۔جن اضلاع میں سکول کھولے جائیں گے ان میں چکوال، جہلم ، حافظ آباد، ننکانہ صاحب، سیالکوٹ، نارووال، منڈی بہاؤالدین، راجن پور، بہاولنگر، ساہیوال اور شیخوپورہ شامل ہیں۔ این سی اوسی نے ہدایت کی تھی کہ جن اضلاع میں کورونا کیسز کی شرح 5 سے زائد ہے ان اضلاع میں 24 مئی سے سکول نہیں کھولے جائیں گے۔ مزید برآں وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں کی بندش میں بھی 6 جون تک توسیع کردی گئی ہے، وفاقی نظامت تعلیمات نے وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں کی بندش میں توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ کورونا کیسز کی شرح 6 فیصد ہونے کی وجہ سے وفاقی تعلیمی اداروں کی بندش میں توسیع کی گئی ہے۔7جون کو تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق حتمی فیصلہ 3جون کو این سی اوسی کے اجلاس میں ہوگا۔ اسی طرح ترجمان وفاقی وزارت تعلیم کے مطابق وفاقی حکومت نے ٹیچرز کی فوری ویکسی نیشن کا فیصلہ کرلیا ہے،ٹیچرز کی فوری ویکسی نیشن کا فیصلہ این سی اوسی کی مشاورت سے کیا گیا، ٹیچرز کی فوری ویکسی نیشن کا فیصلہ تعلیمی تعطل ختم کرنے اور تعلیمی نقصان کم کرنے کیلئے کیا گیا، تعلیمی شعبے میں تدریسی اور دوسرے عملے کی ویکسی نیشن میں وفاقی حکومت مدد کرے گی،اسی طرح بورڈ امتحانات سے قبل نگران عملے کی ویکسی نیشن لازمی قرار دی گئی ہے۔ویکسی نیشن مکمل کرنے کیلئے صوبوں کے چیف سیکرٹریز کو بھی خطوط ارسال کردیے گئے ہیں کہ 5جون سے قبل ویکسی نیشن مکمل کی جائے تاکہ 7جون سے سکولوں کو کھولاجاسکے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں