سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی منظوری دیدی گئی

لاہور(آئی این پی)پنجاب حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی منظوری دے دی ہے۔وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں تفاوت دور کرنے کیلئے خصوصی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ وزیراعلی عثمان بزدار نے اجلاس میں سرکاری ملازمین کی تنخواہ میں 25 فیصد اسپیشل الانس کی منظوری دیدی۔ذرائع کے مطابق وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 15 اور 10 فیصد اسپیشل الائونس کی تجاویزمسترد کردیں۔وزیراعلی عثمان بزدار نے سرکاری ملازمین کو 25 فیصد اسپیشل الائونس دینے کی ہدایت کردی۔ذرائع کے مطابق گریڈ 1سے 19تک 7لاکھ 21ہزار سے زائد صوبائی سرکاری ملازمین کو اسپیشل الائونس دیا جائے گا۔ اس میں پہلے سے اسپیشل/ایگزیکٹو الائونس لینے والے ملازمین شامل نہیں ہوں گے۔ذرائع کے مطابق جون میں اسپیشل الائونس تنخواہوں میں شامل کردیا جائے گا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عثمان بزدار نے کہا کہ سرکاری ملازم ہمارے دست و بازوہیں، ان کے مسائل کا احساس ہے۔ بجٹ میں بھی صوبائی ملازمین کے لئے خوشخبری ہوگی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close