کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر صوبے میں جاری پابندیوں کو برقرار رکھنے کا فیصلہ

کراچی (آن لائن)کورونا وائرس صوبائی ٹاسک فورس کا اجلاس وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی صدارت میں بروز جمعرات کو وزیراعلیٰ ہاؤسمیں ہوا، جس میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر صوبے میں جاری پابندیوں کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ رمضان المبارک کے پہلے ہفتے میں صوبے میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی تعداد 737یعنی 5.2 فیصد تھی۔ رمضان المبارک کے دوسرے ہفتے کے بعد کیسز کی تعداد بڑھ کر 1155 یعنی 8 فیصد ہوگئی۔ 13 مئی کو عیدالفطر منائی گئی اس دن 1232 کیسز تھے جو عید کے ایک ہفتے بعد بڑھ کر 2076 یعنی 10.2 فیصد ہوگئے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ 19 مئی بروز بدھ 20421 ٹیسٹ کیے گئے جس کے نتیجے میں 2076 کیسز ظاہر ہوئے جو تشخیص کا 10.2 فیصد بنتا ہے۔ یہ تعداد پریشان کن ہے جس کو ہر صورت کنٹرول کرنا ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ 19 مئی کو کراچی میں 9606 ٹیسٹ کیے گئے جس سے 1356 کیسز سامنے آئے جو 14.12 فیصد تشخیص کا تناسب بنتا ہے۔ اجلاس کو یہ بھی آگاہی دی گئی کہ عید کے بعد کے ہفتے یعنی 13 مئی سے 19 مئی کے دوراں کراچی شرقی میں 28 فیصد کیسز اور 16 اموات رپورٹ ہوئیں۔ ضلع جنوبی میں 17 فیصد کیسز اور 6 اموات ہوئیں۔ ضلع وسطی میں 14 فیصد کیسز اور 8 اموات رپورٹ ہوئیں، ضلع غربی میں 11 فیصد کیسز ہوئے اور کوئی اموات نہیں ہوئی۔ کورنگی میں 10 فیصد کیسز اور ایک موت واقع ہوئی۔ جبکہ حیدرآباد میں 10 فیصد کیسز اور 21 اموات اور سکھر میں 14 فیصد اور ایک موت واقع ہوئی۔ اگر عید کے بعد کا ہفتہ دیکھا جائے تو 7837 کورونا کے کیسز ظاہر ہوئے اور 67 مریض انتقال کر گئے۔ کورونا وائرس پر صوبائی ٹاسک فورس نے صورتحال کو تشویش ناک قرار دیتے ہوئے فیصلہ کیا کہ صوبے میں لگائی گئیں پابندیوں کو جاری رکھا جائے۔ ہفتہ کے دن صوبائی ٹاسک فورس صورتحال کا دوبارہ جائزہ لیکر مزید سخت اقدامات لیے جائینگے۔ اجلاس میں صوبائی وزرائ، ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو، سعید غنی، ناصر حسین شاہ، مشیر قانون مرتضیٰ وہاب، چیف سیکریٹری ممتاز شاہ، آئی جی پولیس مشتاق مہر، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ عثمان چاچڑ، کمشنر کراچی نوید شیخ، ایڈیشنل آئی جی کراچی عمران منہاس، صوبائی سیکریٹریز کے علاوہ ڈاکٹر عبدالباری، ڈاکٹر فیصل محمود، ڈاکٹر قیصر سجاد، ورلڈ ہیلتھ آرگنائیزیشن کی ڈاکٹر سارہ خان اور کراچی کور اور رینجرزکے نمائندوں نے شرکت کی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close