اپوزیشن بجٹ میں حکومت کا ساتھ دے گی یا نہیں؟ فیصلہ سنا دیا

اسلام آباد(پی این آئی)پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) اور جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پارٹی رہنما مفتی کفایت اللہ کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن بجٹ میں حکومت کا ساتھ دینے کے لیے تیار نہیں ہے، غیر ملکی ریڈیو کوانٹرویو دیتےہوئےمولانافضل الرحمان نےکہاکہ اپوزیشن بجٹ میں حکومت کا ساتھ دینے کے لیے تیار نہیں، حکومت کی غلط پالیسیوں سے اپوزیشن اپنے آپ کو گندا نہیں کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین نے الگ گروپ بنا لیا، تحریک انصاف(پی ٹی آئی) نے اپنی رہی سہی اکثریت بھی کھودی ہے، ہمارے پاس حکومت مخالف تمام آپشنز اب بھی موجود ہیں، حکومت مخالف تحریک کے لیے ہم نیا لائحہ عمل جاری کریں گے، جس میں احتجاجی ریلیاں اور جلسے شامل ہوں گے۔ انھوں نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں تمام فیصلے پی ڈی ایم کی مشاورت سے کیے جائیں گے۔پی ڈی ایم میں پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی حیثیت کے پیش نظر مولانا فضل الرحمان نے شہباز شریف سے متعلق کہا کہ ان کے جیل سے باہر آنے سے پی ڈی ایم کو تقویت ملے گی۔مولانا فضل الرحمان نے مفتی کفایت اللہ کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا حکومت اتنا ظلم کرے جتنا کل برداشت کر سکے، نا اہل حکمران ہمیں جیلوں اور گرفتاریوں سے نہیں ڈرا سکتے، مفتی کفایت اللہ کو بلا وجہ گرفتار کرنا قابل مذمت ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں