تعلیمی اداروں کی بندش میں 6 جون تک توسیع کردی گئی

اسلام آباد (پی این آئی) وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں کی بندش میں 6 جون تک توسیع کردی گئی، تعلیمی اداروں کی بندش میں توسیع کورونا کیسز کی شرح 6 فیصد ہونے کی وجہ سےکی گئی، 7جون کو تعلیمی ادارے کھولنے کیلئے حتمی فیصلہ 3جون کو این سی اوسی کے اجلاس میں ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی نظامت تعلیمات نے وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں کی بندش میں 6 جون تک توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ کورونا کیسز کی شرح 6 فیصد ہونے کی وجہ سے وفاقی تعلیمی اداروں کی بندش میں توسیع کی گئی ہے۔7جون کو تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق حتمی فیصلہ 3جون کو این سی اوسی کے اجلاس میں ہوگا۔ اسی طرح ترجمان وفاقی وزارت تعلیم کے مطابق وفاقی حکومت نے ٹیچرز کی فوری ویکسی نیشن کا فیصلہ کرلیا ہے،ٹیچرز کی فوری ویکسی نیشن کا فیصلہ این سی اوسی کی مشاورت سے کیا گیا، ٹیچرز کی فوری ویکسی نیشن کا فیصلہ تعلیمی تعطل ختم کرنے اور تعلیمی نقصان کم کرنے کیلئے کیا گیا، تعلیمی شعبے میں تدریسی اور دوسرے عملے کی ویکسی نیشن میں وفاقی حکومت مدد کرے گی،اسی طرح بورڈ امتحانات سے قبل نگران عملے کی ویکسی نیشن لازمی قرار دی گئی ہے۔ویکسی نیشن مکمل کرنے کیلئے صوبوں کے چیف سیکرٹریز کو بھی خطوط ارسال کردیے گئے ہیں کہ 5جون سے قبل ویکسی نیشن مکمل کی جائے تاکہ 7جون سے سکولوں کو کھولاجاسکے۔ دوسری جانب دیکھا جائے تو گزشتہ روز ملک بھر میں 2 لاکھ 12 ہزار 525 افراد کو کورونا ویکسین لگائی گئی۔ این سی اوسی کے جاری اعلامیہ کے مطابق گزشتہ روز ملک بھر میں 2 لاکھ 12 ہزار 525 افراد کو کورونا ویکسین لگائی گئی، این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں ابتک 47 لاکھ 45 ہزار 378 افراد کو ویکسین لگائی جا چکی ہے۔اسی طرح کورونا وبا کے باعث مزید 104 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ 3 ہزار سے زائد مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 41 ہزار 771 کورونا ٹیسٹ کئے گئے جس کے بعد مجموعی ٹیسٹس کی تعداد 12,552,33 ہوگئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 3 ہزار 256 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔اس طرح پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 886,184 ہوگئی ہے۔ اب تک سندھ میں 3 لاکھ ایک ہزار 247 ، پنجاب میں 3 لاکھ 29 ہزار 913، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 27 ہزار 609، اسلام آباد میں 79 ہزار 552، بلوچستان میں 24 ہزار 064 ، آزاد کشمیر میں 18 ہزار 360 اور گلگت بلتستان میں 5 ہزار 439 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں