ساہیوال(آئی این پی)وزیراعظم عمران خان کی ہدایت کے باوجود صوبوں کے ملازمین کو ڈسپیریٹی الاؤنس نہ مل سکا’ایپکا کی تمام تنظیمیں آج سیکرٹریٹ لاہور احتجاج کریں گی۔ تفصیلات کے مطابق تقریبا 3ماہ قبل وزیراعظم عمران خان نے وفاق کے ملازمین کو 25فیصد ڈسپیریٹی الاؤنس دینے کی منظوری دی تھی اور چاروں صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی تھی کہ صوبائی ملازمین کو ڈسپیریٹی الاؤنس دیاجائے جس پر پنجاب کی حکومت نے وزیر قانون راجہ بشارت کی سربراہی میں مذاکراتی ٹیم تشکیل دی جس نے ملازمین کو طفل تسلیاں دیں اورتاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا جس پر ایپکا پنجاب کے قائدین نے سیکرٹریٹ لاہورکے گھیراؤں کا فیصلہ کیا۔ ایپکا ساہیوال کے قائدین عبدالخالق اعوان ‘خالد محمودانصاری ‘حاجی سلیم اختر ‘ صفدر علی ودیگر کی قیادت میں سیکرٹریٹ لاہور احتجاج میں شمولیت کیلئے جلوس کی شکل میں آج صبح7بجے لاہور روانہ ہوں گے۔ مذکورہ قائدین نے بتایاہے کہ یہ احتجاج الاؤنس کی منظوری تک جاری رہے گا۔۔۔۔۔
وفاقی سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری، گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم
کراچی(آئی این پی) سندھ ہائیکورٹ نے لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر بار بار طلبی کے باوجود پیش نہ ہونے پر وفاقی سیکریٹری داخلہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے آئی جی اسلام آباد کو وفاقی سیکریٹری داخلہ یوسف نسیم کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیدیا۔ جسٹس کے کے آغا اور جسٹس عبد المبین لاکھو پر مشتمل دو رکنی بینچ کے روبرو لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ لاپتا افراد کی عدم بازیابی پر عدالت وفاقی سیکریٹری داخلہ پر برہم ہوگئی۔ عدالت نے بار بار طلبی کے باوجود پیش نہ ہونے پر وفاقی سیکریٹری داخلہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔ عدالت نے آئی جی اسلام آباد پولیس کو وفاقی سیکریٹری داخلہ یوسف نسیم کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ وفاقی سیکریٹری داخلہ کو گرفتار کرکے 27 مئی کو سندھ ہائیکورٹ میں پیش کیا جائے۔ جسٹس کے کے آغا نے ریمارکس دیئے کئی بار حکم نامہ جاری کیا کہ لاپتا افراد کا سراغ لگایا جائے۔ وفاقی سیکریٹری داخلہ کی جانب سے حراستی مراکز کی رپورٹ کی پیش کی جاتی ہے نہ وہ خود پیش ہوتے ہیں۔ ایڈیشنل سیکریٹری اور جوائنٹ سیکریٹری داخلہ کو پیش کرنے کے بجائے ڈپٹی سیکریٹری داخلہ کو بھیج دیا گیا۔ عدالت کی جانب سے جاری شوکاز نوٹس کا جواب بھی نہیں دیا گیا۔جسٹس کے کے آغا نے ریمارکس دیئے وفاقی سیکریٹری داخلہ کی جانب سے سندھ ہائیکورٹ کے حکم کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی جارہی ہے۔ وفاقی سیکریٹری داخلہ مسلسل عدالت کے حکم کی خلاف ورزی کررہے ہیں۔شہریوں کے حقوق کا تحفظ کرنا سب پر لازم ہے۔ شہری کئی برسوں سے لاپتا ہیں اور وفاقی سیکریٹری کو کوئی پرواہ نہیں۔ عدالت نے لاپتا شہری شمشاد علی کی گمشدگی پر سیکریٹری داخلہ سے رپورٹ طلب کی تھی۔ شمشاد علی 2015 سے کراچی سے لاپتا ہے۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں