اسلام آباد (پی این آئی ) وفاقی حکومت نے قومی بچت سکیموں پر شرح منافع میں کمی کردی، نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق مختلف قومی بچت اسکیموں پر شرح منافع میں کمی وزارت خزانہ کی جانب سے کی گئی ہے ، اس حوالے سے فیصلے کا اطلاق آج سے ہوگا، اس کے تحت شہدا فیملی ویلفئر اکاؤنٹس اور پنشنز بینیفٹ اکاؤنٹس پر منافع کی شرح11 اعشاریہ 52 سے کم کرکے 11 اعشاریہ 4 مقررکر دی گئی، جب کہ 10لاکھ کے ریگولر انکم سر ٹیفکیٹ پر ماہانہ منافع میں 600 روپے کمی کر کے اسے 7200 روپے کردیا گیا جو پہلے 7800 روپے تھا۔بتایا گیا ہے کہ وزارتِ خزانہ نے اسپیشل سیونگ اکاؤنٹس پر منافع 9 اعشاریہ 20 فیصد سے کم کرکے 9 فیصد کردیا ہے، اسی طرح 5 لاکھ کے شارٹ ٹرم سیونگ سرٹیفکیٹ پر سالانہ منافع 500 روپے کم کرکے اسے 37 ہزار سے 36 ہزار 500 روپے مقررکیا گیا ہے جب کہ ڈیفنس سیونگ سرٹیفکیٹس پر سالانہ منافع کی موجودہ شرح کو برقراررکھا گیا ہے۔اس سے پہلے اسی سال مارچ کے مہینے میں حکومت نے مختلف قومی بچت اسکیموں کے شرح منافع میں0 اعشاریہ 40 فیصد تک اضافہ کیاتھا ،اس ضمن میں وزارت خزانہ نے نوٹیفکیشن بھی جاری کیا ، نوٹی فکیشن کے مطابق پینشنرز بینیفٹ اکائونٹ پر سالانہ منافع 11اعشاریہ 28 سے بڑھا کر 11 اعشاریہ 52 فیصد مقرر کیا گیا جب کہ شہدا ویلفیئر اکائونٹ پر بھی 11اعشاریہ 28 فیصد کے بجائے 11 اعشاریہ 52 فیصد منافع دینے کا اعلان کیا گیا ، اسپیشل سیونگ سرٹیفکیٹ پر سالانہ منافع 8اعشاریہ 40 سے بڑھا کر 8 اعشاریہ 80 فیصد کردیا گیا جب کہ سیونگ اکائونٹس پر موجودہ شرح منافع برقرار ر کھا گیا ۔نوٹی فکیشن میں بتایا گیا کہ ایک لاکھ روپے مالیت کے اسپیشل سیونگ سرٹیفکیٹ پر 4200کی بجائے 4400 روپے مقرر کیا گیا ، ایک لاکھ روپے کے بہبود سیونگ سرٹیفکیٹ پر سالانہ منافع 940 سے بڑھا کر 960 کردیا گیا ، وزارت خزانہ کے مطابق ایک لاکھ روپے مالیت کے ریگولر انکم سرٹیفکیٹ پر تب 750 روپے کے بجائے 780 روپے سالانہ منافع دینے کا اعلان کیا گیا ، جب کہ ایک لاکھ روپے مالیت کے شارٹ ٹرم سیونگ سرٹیفکیٹ پر 7400 روپے دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں