ن لیگ کو ریلیف ملنا شروع ہو گیا؟ ثبوت نہ ملنے پر کیپٹن صفدر کیخلاف انکوائری بند کر دی

اسلام آباد(پی این آئی) قومی احتساب بیورو(نیب) نے کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف انکوائری بند کرنے کی منظوری دے دی، کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے خلاف انکوائری عدم ثبوت پر بند کرنے کی منظوری دی گئی، نیب ایگزیکٹو بورڈ نے 3 ریفرنسز دائر کرنے اور9 انکوائریز کی بھی منظوری دی۔ تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیرصدارت نیب ہیڈکوارٹر ز اسلام آبادمیں منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈپٹی چیئرمین نیب، پراسیکوٹر جنرل اکاؤنٹبلیٹی نیب، ڈی جی آپریشنز نیب اور دیگر سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ نیب کی یہ دیرینہ پالیسی ہے کہ قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس کے بارے میں تفصیلات عوام کو فراہم کی جائیں جو طریقہ گزشتہ کئی سالوں سے رائج ہے جس کا مقصد کسی کی دل آزاری مقصود نہیں۔نیب ایک انسان دوست ادارہ ہے جو قانون کے مطابق ہر شخص کی عزت نفس کا احترام کر نے پر سختی سے یقین رکھتا ہے،نیب کی تمام انکوائریاں اور انوسٹی گیشنز مبینہ الزامات کی بنیاد پر شروع کی جاتی ہیں جوکہ حتمی نہیں ہوتیں۔نیب قانو ن کے مطابق تمام متعلقہ افراد سے بھی ان کا موقف معلوم کر نے کے بعدمزید تحقیقات کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کرتا ہے تاکہ انصاف کے تمام تقاضوں کو پورا کیا جائے۔قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلا س میں 3 ریفرنسز کی منظوری دی گئی۔ قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں احسان اللہ محسود سابق سینئر رکن بور ڈ آف ریونیو خیبر پختونخوا ہ کے خلاف بدعنوانی کاریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی۔ملزم پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے غیر قانونی طورپر ڈیرہ اسمٰعیل خان میں 1976 کنال سرکاری زمین الاٹ کرنے کا الزام ہے جس سے قومی خزانہ کوبھاری نقصان پہنچا۔ قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں مقبول احمد لہڑی سابق ضلعی ناظم، ڈاکٹر کلیم اللہ، سابق مئیر میٹر و پولیٹن کارپوریشن کوئٹہ اور دیگرکے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی۔ملزمان پر اختیارات کا ناجائزاستعمال کرتے ہوئی2 529 مربع فٹ سرکاری زمین کوڑیوں کے داموں لیز پر دینے کا الزام ہے۔ جس سے قومی خزانہ کو 529 ملین روپے کا نقصان پہنچا۔ قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں میر محمد امین عمرانی سابق وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن حکومت بلوچستان اور دیگر کے خلاف بدعنوانی کاریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی۔ملزم پر اختیارات کا ناجائزاستعمال کرتے ہوئے غیر قانونی طورپر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ہے۔قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈکے اجلاس میں 9 انکوائریز کی منظوری دی گئی۔ جن میں ڈاکٹر نوید ڈائریکٹر جنرل ایگریکلچر ریسرچ،طارق محمود ایڈمنسٹریٹو آفیسر اور دیگر،وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے افسران /اہلکاران،پاکستان ورکس ڈیپارٹمنٹ اور دیگر،ممتاز خان،سابق چیف کنزرویٹوفاریسٹ اور دیگر،ناصر خان سابق رکن قومی اسمبلی اور دیگر،شہاب خٹک سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ خیبر پختونخواہ اور دیگر،محمد نسیم منیجنگ ڈائریکٹر،ناصر،غفور جنرل منیجر،علی الرحمان ذونل منیجر ڈبلیو ایس ایس پی اور دیگر،ریونیو ڈیپارٹمنٹ گوادر کے افسران /اہلکاران اور دیگر،غلام حسین جعفر اور دیگر،چئیرمین ٹاؤن شپ ہاؤسنگ اسکیم ضلع خضدار اوردیگر،امیر مقام سابق مشیر برائے وزیر اعظم کے خلاف انکوائریز کی منظوری شامل ہے۔قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈکے اجلاس میں 3 انوسٹی گیشنز کی منظوری دی گئی۔ جن میں محکمہ صحت کوئٹہ کی انتظامیہ اور دیگر،عبد الرازق درانی سابق ڈائریکٹر جنرل گوادرپورٹ اتھارٹی کے افسران/اہلکاران اور دیگر،ریونیو ڈیپارٹمنٹ گوادر کے افسران /اہلکاران اور دیگرکے خلاف انوسٹی گیشنز کی منظوری شامل ہے۔ قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈکے اجلاس میں،این ایچ اے کے افسران /اہلکاران،کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اعوان سابق رکن قومی اسمبلی، پاک پی ڈبلیو ڈی کے افسران /اہلکاران اور دیگر،محمد ارسلہ خان اور دیگر،ڈاکٹر مجیب الرحمان سابق آئی جی اور دیگر کے خلاف انکوائریز،امان اللہ خان جدون سابق وزیر پیٹرولیم اور دیگرجبکہ گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے افسران /اہلکاران اور دیگر کے خلاف انوسٹی گیشن اب تک کے عدم ثبوت کی بنیاد پر قانون کے مطابق بند کرنے کی منظوری دی گئی۔قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈکے اجلاس میں سول ایوی ایشن اتھارٹی کے افسران /اہلکاران اور دیگر کے خلاف انکوائری قانون کے مطابق مزید کاروائی کے لئے ڈی جی سی اے اے کو بھجوا نے کی منظوری دی گئی۔قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈکے اجلاس میں این ٹی ڈی سی کے افسران /اہلکاران اور دیگر کے خلاف تین انکوائریز قانون کے مطابق مزید کاروائی کے لئے نیپرا کو بھجوانے کی منظوری دی گئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں