حدیبیہ پیپر مل کیس میں اگر انکے خلاف کچھ نہیں ہے تو یہ خوفزدہ کیوں ہیں؟ سوال اٹھا دیا گیا

لاہور (آن لائن) معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے عید الفطر کے بعد تبدیلیوں کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت عید کے بعد لنگوٹا کس کر میدان میں اترنے جا رہی ہے جو روایتی گلے سڑے نظام کو تحفظ دے گا اس کی چھانٹی ہو گی،قانونی ٹیم کی مشاورت سے حدیبیہ پیپر مل کیس کھولنے کا فیصلہ کیا ہے اگر ان کے خلاف کچھ نہیں ہے تو یہ خوفزدہ کیوں ہیں ،دال میں کچھ تو کالا ہے ، حکومت ایف آئی اے کے ذریعے انصاف کا بول بالا کرے گی۔فائونٹین ہاس لاہور کے دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ قانون کو گھر کی لونڈی بنانے والے آج بھی قانون کو اپنا غلام سمجھتے ہیں ،(ن)لیگ کے حامی چاہتے ہیں کہ قانون چھوٹے افراد کو سالوں سزا دے اور شاہی خاندان کو چھوڑ دے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کا کام پالیسی پر عمل درآمد کرنا ہے ،پالیسی اگر صرف فائلوں میں دفن رہے گی تو اس کو بنانے کا فائدہ نہیں ہے ،پالیسی پر عملدرآمد کے لیے وزیر اعلی نے ہر محکمے کو مانیٹر کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ عوامی مفاد کے راستے میں کسی قسم کی کوتاہی پر زیرو ٹالرنس ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عید کے موقع پر وزیر اعلی اور وزیر اعظم کی طرف سے فائونٹین ہائوس کے مکینوں کو عید مبارک کہنے آئی ہوں ،موجود حکومت کا پسے ہوئے طبقات کے ساتھ درد اور احساس کا رشتہ ہے۔۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں