اسلام آباد۔12مئی (اے پی پی):وزیرِ اعظم عمران خان اور ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے اسرائیل کی طرف سے تمام انسانی اقدار اور بین الاقوامی قانون کو روندتے ہوئے رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں غزہ اور مسجد اقصیٰ اور اسکے اندر عبادت میں مصروف مسلمانوں پر حملے کے معاملے پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے اس معاملے کو بالخصوص اقوام متحدہ میں اٹھانے کیلئے ملکر کام کرنے اور عالمی برادری کو متحرک کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے بدھ کو جاری بیان کے مطابق ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے وزیراعظم عمران خان کو ٹیلیفون کیا جس میں دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ بین الاقوامی سطح پر فلسطین کا معاملہ اٹھانے کیلئے ملکر کام کریں گے، دونوں رہنماو ¿ں نے علاقائی سلامتی کی صورتحال پر بھی بات چیت کی۔ وزیراعظم عمران خان نے ترکی کے کردار کو سراہتے ہوئے افغانستان سے غیر ملکی افواج کے ذمہ دارانہ انخلاءکی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان افغانستان میں پائیدار امن و استحکام کیلئے سیاسی حل کے سلسلے میں کی جانے والی کوششوں کے ضمن میں ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا اور اتفاق کیا کہ پاکستان اور ترکی کے مابین اعلیٰ سطح کے تبادلوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو عید الفطر کی مبارکباد بھی دی۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں