پاکستان کا نام ایف اے ٹی ایف گرے لسٹ سے نکلنے کی خوشخبری سنا دی گئی

ملتان ( پی این آئی) پاکستان کا نام ایف اے ٹی ایف گرے لسٹ سے نکلنے کی امید پیدا ہوگئی ، اس حوالے سے شاہ محمود قریشی نے خوش خبری سنادی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ نے کہا کہ جی ایس پی پلس کا اسٹیٹس برقرار رکھنے کے لیے لابنگ شروع کر دی، ایف اے ٹی ایف کے حوالے سے بھی اس مرتبہ اچھی خبر آئے گی، اور پاکستان کا نام ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکال دیا جائے گا۔بتایا گیا ہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے فیڈمک کے اکنامک زونزاور ایم تھری انڈسٹریل سٹی اور علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کا بھی دورہ کیا ، چیئرمین فیڈمک کاشف اشفاق کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کے لئے بیرون ممالک موجود سفارتخانے فیڈمک کی بھرپور معاونت کریں گے، فیڈمک کو جس ملک میں سرمایہ کاروں تک رسائی کی ضرورت ہے فارن آفس ان کی بھرپور مدد کرے گا، سرمایہ کاری لانے کے لئے وزارت خارجہ میں الگ اکنامک ونگ بنایا گیا ہے ، کپاس کی پیداوار میں کمی پر قابو پانے کے لئے ریسرچ پر بھی توجہ دینی ہو گی، فیڈمک کا ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 1500 ایکڑ پر ایگرو بیسڈ اکنامک زون کے قیام کا منصوبہ زراعت کی ترقی کے لیے بہترین اقدام ہے، اس سے ملتان، خانیوال، سرگودھا اور فیصل آباد کے کاشتکاروں کو یکساں فوائد حاصل ہوں گے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نے ملتان کے لیے 30 ارب سے زائد کے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کیا ہے اور جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا سنگ بنیاد بہت بڑا اقدام ہے ، جنوبی پنجاب کے لیے سرکاری ملازمتوں کے کوٹے کے لیے اسمبلی میں قرارداد پیش کی تھی ، وقت ضرور لگے گا لیکن جنوبی پنجاب کے شہروں میں نمایاں تبدیلی آئے گی جب کہ موٹروے سے فاصلے سمٹ کر رہ گئے ہیں کیوں کہ موٹروے کی وجہ سے رحیم یار خان کا سفر بھی کم ہو گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close