شوال کے چاند کی پیدائش ہو گئی، ماہرین فلکیات کی پیشنگوئی

لاہور (پی این آئی) شوال کے چاند کی پیدائش ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق ماہرین فلکیات کی پیشن گوئی کے مطابق شوال کے چاند کی پیدائش ہوگئی ہے۔ ماہرین فلکیات کی جانب سے کچھ روز قبل جاری رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ شوال کے چاند کی پیدائش پاکستان کے مقامی وقت کے مطابق 12 مئی کو رات 12 بجکر 01 منٹ پرہوگی۔ بتایا گیا ہے کہ شوال کے چاند کی پیدائش کے مطابق سعودی عرب سمیت دنیا کے کئی ممالک میں کل چاند نظر آئے گا، جبکہ پاکستان میں 12 مئی کو چاند نظر آںے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔شوال کے چاند کی پیدائش دیر رات سے ہونے کی وجہ سے ہی سعودی عرب سمیت وہ تمام ممالک جہاں 11 مئی کو 29 ویں روزہ تھا، وہاں چاند نظر نہیں آیا۔ پاکستان میں شوال کے چاند کی رویت کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس بار29 کی بجائے 30روزوں کا امکان زیادہ ہے، عیدالفطر 14مئی بروزجمعہ کو ہوسکتی ہے، تاہم حتمی فیصلہ رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ 12مئی کو ملک کے بیشترحصوں میں مطلع صاف ہوگا، تاہم چونکہ شوال کی چاند کی پیدائش کو زیادہ وقت نہیں گزرا ہو گا، اس لیے چاند نظرآنے کاامکان نہ ہونے کے برابرہے۔ جبکہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا بھی کہنا ہے کہ عید کا حتمی اعلان رویت ہلال کمیٹی نے ہی کرنا ہے تاہم وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے کیلنڈر اور رویت ایپ کے مطابق چاند 13 مئی کو نظر آئے گا اور عید الفطر 14 مئی کو ہوگی۔اس کے علاوہ رمضان المبارک کا آخری ایام میں غیر ملکی ماہرین فلکیات کی جانب سے ایک رپورٹ جاری کی گئی، جس میں شوال کے چاند کی رویت کے حوالے سے تکنیکی معلومات فراہم کی گئیں۔ رپورٹ کے مطابق 11 مئی کو دنیا کے کسی ملک میں شوال کا چاند نظر نہیں آئے گا، جبکہ کئی ممالک میں 12 مئی کو بھی چاند نظر آنے کا امکان نہیں ہے۔ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات سمیت بیشتر خلیجی اور عرب ممالک کے علاوہ کئی یورپی ممالک میں بھی 12 مئی کو چاند نظر آ جائے گا، یوں ان ممالک میں 13 مئی بروز جمعرات عید الفطر منائی جائے گی۔جبکہ پاکستان سمیت بیشتر ایشیائی ممالک میں 12 کی بجائے 13 مئی کو شوال کا چاند نظر آئے گا، یوں ان ممالک میں 14 مئی کو عید الفطر منائی جائےگی۔ رپورٹ کے مطابق اس مرتبہ دنیا کے بیشتر ممالک میں رمضان المبارک 30 ایام پر مشتمل ہوگا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close