کراچی (آئی این پی )کورونا وائرس کے پھیلا کی روک تھام کے لیے سرحدوں کی بندش کے باعث پاکستانی شہری بچوں سمیت بھارت میں پھنس کر رہ گیا۔نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے پاکستانی شہری اجیت کمار ناگدیو نے بتایا کہ ان کا تعلق بلوچستان کے شہر اوستا محمد ہے، وہ طویل المعیاد ویزا کے تحت 2010 سے بیوی بچوں کے ہمراہ بھارت میں کاروبار کے سلسلے میں مقیم تھے۔اجیت کمار کے مطابق بیوی کی مسلسل بیماری اور کاروبار میں نقصان کے باعث نوری ویزا کے تحت وہ پاکستان واپس آنے کا ارادہ رکھتے تھے اور 17 اپریل کو انہیں پاکستان واپس آنا تھا لیکن اس دوران کوویڈ کی بگڑتی صورتحال کے باعث پاکستان کی جانب سے سرحد بند کردی گئی ۔دوسری جانب 18اپریل 2021 کو ہی اس کی بیوی کا بھی انتقال ہوگیا، تین بچوں میں سے سب سے چھوٹی بیٹی کی پیدائش بھارت کی ہے اور بیٹی کا اندراج بیوی کے پاسپورٹ پر ہے، بیوی کے انتقال کے بعد اس کے پاسپورٹ پر بیٹی کو پاکستان نہیں آنے دیا جائیگا اور 24 مئی کو ان کا نوری ویزہ بھی ختم ہوجائیگا۔انہوں نے پاکستانی حکام سے اپیل کی ہے کہ بھارت میں کورونا کے باعث حالات خراب ہیں، دوبارہ پاسپورٹ بنانے کا عمل دشوار ہوگیا ہے، لہذا ان کی وطن واپسی میں مدد کی جائے۔انہوں نے بتایا کہ وہ بھارت میں تنہا ہیں، پاکستان میں خاندان موجود ہے جو بچوں کی دیکھ بھال میں معاونت کرے گا۔بھارتی اخبار کے مطابق کورونا کے بڑھتے کیسز کی وجہ سے 136پاکستانی بھارت میں پھنسے ہوئے ہیں اور وطن واپسی کے منتظر ہیں ۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں