وزیراعلیٰ جام کمال اپنے ارد گرد صادق اور جعفر کو پہچانیں، ساتھیوں نے مطالبہ کر دیا

کوئٹہ(آن لائن )بلوچستان عوامی پارٹی کے سینئر نائب صدر اور سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہاہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے اپنے تین سالہ دور میں بلوچستان کی ترقی وخوشحالی اور عوام کی فلاح وبہبود کیلئے تاریخی اقدام اٹھائے ہیں لیکن بدقسمتی سے ان کے مشیر اور وزیر منہ کو تالہ لگائے بیٹھے ہیں حقیقت سے چشم پوشی کرکے جام کمال کیخلاف محاذ آرائی کرنے والوں کو شہہ دے رہے ہیں اور خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں میری وزیراعلیٰ جام کمال سے گزارش ہے کہ وہ اپنے ارد گرد صادق اور جعفر کو پہچانیں اور فوری طورپر کابینہ میںردوبدل کریںاور مشیر کی ٹیم بھی تبدیل کرکے مخلص اور قابل لوگوں کو آگے لائیں یہ بات انہوںنے کوئٹہ میں اپنی رہائشگاہ پر ملاقات کرنے والے بلوچستان عوامی پارٹی کے ایک وفدسے گفتگو کرتے ہوئے کہی، سابق صوبائی وزیرمیر عبدالکریم نوشیروانی نے کہاکہ بلوچستان کی اپوزیشن اور باپ پارٹی کے اندر مفاد پرست لوگ وزیراعلیٰ جام کمال کیخلاف اکٹھے ہوگئے ہیں اور انہوںنے محاذ کھول دیاہے جبکہ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کے پاس وزراء اور مشیروں کی دو درجن سے زائد ٹیم موجود ہے، جوکہ جام حکومت کے تین سالہ دور میں ترقی وخوشحالی اور عوام کی فلاح وبہبود کیلئے اٹھائے گئے اقدامات سے بخوبی آگاہ ہیں اس کے علاوہ وہ وزیراعلیٰ جام کمال کے وژن کو بھی اچھی طرح جانتے ہیں اور فائدے بھی اٹھارہے ہیں وزیراعلیٰ جام کمال کے ہاتھ مضبوط کرنے کے بجائے انہوںنے موجودہ صورتحال میں خاموشی اختیار کررکھی ہے ،انکے اس عمل سے اپوزیشن اور مفاد پرستوں کو فائدہ پہنچ رہاہے لہٰذا وزیراعلیٰ جام کمال اپنے ارد گرد نظردوڑائیں تو وقت کے صادق اور جعفر کا انہیں علم ہوجائیگاضرورت اس امر کی ہے کہ وہ فوری طورپر اپنی کابینہ میں ردو بدل کریں اور مشیر وایڈوائزرکی ٹیم تبدیل کریں مخلص اور قابل لوگوں کو آگے لائیں انہوںنے مزید کہاکہ وزیراعلیٰ جام کمال تنہاجنگ لڑرہے ہیں وہ مخلص اور محب وطن ہیں ہم ان کے ساتھ ہیں جن لوگوں نے ذاتی مفاد کیلئے جام کمال کیخلاف محاذ کھولاہے وہ صوبے اور یہاں کے عوام کے ہمدرد نہیں ان کو اسی محاذ پر ہی ناکامی ہوگی کیونکہ مفاد پرستوں کی سیاست دم توڑ چکی ہے، عوام اتنے باشعور ہوچکے ہیںکہ انہیں اپنے اچھے اور برے کی تمیز ہے اپوزیشن کو بھی چاہیے کہ وہ جام کمال کو سپورٹ کرے کیونکہ وزیراعلیٰ جام کمال نے اپوزیشن کو بھی برابری کی بنیاد پر کروڑوں روپے کے ترقیاتی فنڈز دیئے ہیں ایسا وزیراعلیٰ پھر کبھی بلوچستان کو دوبارہ نصیب نہیں ہوگاآخر میں انہوںنے جام کمال کیلئے یہ شعرپڑھا
واہ جام صاحب تیری شان اﷲ تیرے دشمنوں کو کرے پریشان
تیرا رتبہ ہو شہنشاہ کا یہ ہے اﷲ تعالیٰ کی شان

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close