سعودی عرب مدد نہ کرتا تو پاکستان دیوالیہ ہوجاتا، وزیراعظم عمران خان کا جدہ میں خطاب

جدہ (آئی این پی)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سعودی عرب مدد نہ کرتا تو پاکستان دیوالیہ ہوجاتا، بیرون ملک مقیم 90 لاکھ پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں اور مستقبل میں پاکستان میں ان کا اہم کردار دیکھ رہا ہوں، اب فیصلہ کن وقت ہے،خوش خبری دیتا ہوں جلد نیا پاکستان بنے گا میرے دورہ سعودی عرب سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے،سعودی عرب اور یو اے ای نے مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی اور ادھار پر تیل فراہم کیا۔اتوار کو جدہ میں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ہمیشہ میری سب سے بڑی طاقت رہے ہیں۔سعودی عرب میں موجود پاکستانی کمیونٹی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔ دورہ سعودی عرب کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ یہ دورہ پاکستان کے لیے بہت اہم ہے، اس دورے سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔سعودی عرب ہمیشہ مشکل وقت میں ہمارے ساتھ کھڑا رہا اور ہم اس پر سعودی قیادت اور حکومت کے شکرگزار ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات بروقت ہماری مدد نہ کرتے تو ہم دیوالیہ ہوجاتے اور پھر ہماری معیشت کے لیے بڑی مشکلات پیدا ہوجاتیں۔سعودی عرب اور یو اے ای نے مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی اور ادھار پر تیل فراہم کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ روشن ڈیجیٹل اکانٹ توقع سے زیادہ کامیاب رہا۔ ترسیلاتِ زر کو بڑھانے میں گورنر سٹیٹ بینک کا اہم کردار ہے۔پاکستان کی معیشت فروغ پا رہی ہے اور تعمیراتی شعبے میں سب سے زیادہ ملازمتیں پیدا ہورہی ہیں۔عمران خان کا کہنا تھا کہ نئے پاکستان کے لیے جدوجہد چل رہی ہے۔ اب فیصلہ کن وقت ہے۔ خوش خبری دیتا ہوں جلد نیا پاکستان بنے گا۔ایک طرف مافیا ہے جو پرانے پاکستان کو بچانا چاہتا ہے جبکہ ہم پاکستانی عوام کے ساتھ مل کر نیا پاکستان بنائیں گے۔عمران خان کے مطابق اب تبدیلی کو کوئی نہیں روک سکتا، کیونکہ پاکستان میں اب آگاہی پیدا ہوگئی ہے۔وزیراعظم کے مطابق سوشل میڈیا نے عوام میں آگاہی پیدا کر دی ہے۔ روایتی میڈیا کو خرید بھی لیں تو سوشل میڈیا بہرحال موجود ہے۔ہماری پارٹی بھی سوشل میڈیا اور نوجوانوں کی وجہ سے اقتدار میں آئی ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close