راولپنڈی(آئی این پی ) پنجاب کے وزیر قانون وکوآپریٹیوز راجہ محمد بشارت نے کہا ہے کہ این سی او سی کے مطابق کورونا وباء کے حوالے سے آئندہ 15 سے 20 دن انتہائی اہم ہیں اس خدشے کے پیش نظر آج سے 16 مئی تک مکمل لاک ڈاؤن بھی نافذ کیا گیا ہے ۔ہفتے کو اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ اس لاکھ ڈاؤن کی مدت کے دوران ہم نے فیصلہ کرنا ہے کہ کورونا کو ہرانا ہے یابھارت جیسی صورتحال پیدا کرنی ہے۔راجہ محمد بشارت نے کہا کہ ضروری ہے کہ شہری کورونا پر قابو پانے کیلئے حکومتی ہدایات پر مکمل عملدرآمد کریں۔ تمام شہری ذمہ داری کا احساس کریں،خود کو اوردوسروں کو کورونا سے محفوظ رکھیں۔ اگر ہم نے احتیاط نہ کی تو سب کو ناقابل تلافی نقصان ہوگا،راجہ محمد بشارت نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں صوبائی حکومت کرونا پر قابو پانے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے لیکن یہ اقدامات اسی صورت نتیجہ خیز ثابت ہو سکتے ہیں جب عوام خود اپنی ذمہ داری کا احساس کرے اگر ہم نے دو ہفتے تک مکمل لاک ڈاؤن کی پابندی کی اور اپنے گھروں تک محدود رہے تو کرونا کی وبا پر قابو پایا جا سکتا ہے ۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں