ملک میں سب سے زیادہ کورونا کے پھیلاؤ کی شرح کس صوبے میں ہے؟ تشویشناک خبر آگئی

اسلام آباد (پی این آئی) ملک میں سب سے زیادہ کورونا کے پھیلاؤ کی شرح والے صوبے کی نشاندہی کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ اس وقت صوبہ سندھ میں کوروناکے پھیلاؤ کی شرح ملک بھرمیں سب سے زیادہ ہوچکی ہے ، کراچی اور حیدر آباد میں خاص طور پر کورونا کیسز کی تعداد خطرناک حد تک بڑھنے لگی ہے کیوں کہ کراچی میں کورونا کیسزکی شرح ساڑھے 11 فیصد اور حیدرآباد میں ساڑھے 11 فیصد سے زائد ہوگئی ہے۔بتایا گیا ہے کہ صوبہ سندھ میں اس وقت 650 سے زائد کورونامریض ہسپتالوں میں زیرعلاج ہیں ، جس میں سے 616 مریض ہائی فلو آکسیجن پر ہیں ، ایسے تمام مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ، اس کے علاوہ سندھ کے ہسپتالوں میں اس وقت 54 کورونامریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔ذرائع کے مطابق کورونا ایس اوپیز پر عمل درآمد کیلئے سندھ حکومت کی عدم دلچسپی صوبے میں کورونا مریضوں کے اضافے کا باعث بنی ، اس کے علاوہ ٹرینوں کی آمد و رفت ، این اے 249 میں ہونے والا ضمنی الیکشن اور جلوسوں ، کاروباری سرگرمیوں میں ایس اوپیزپرعمل درآمد کا نہ ہونا بھی کورونا مریضوں کی شرح میں اضافے کی وجہ قرار دیا گیا۔علاوہ ازیں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و سربراہ این سی او سی اسد عمر نے خبردار کیا ہے کہ پہلے سے زیادہ خطرہ ہمارے دروازے پر دستک دے رہا ہے ، صورتحال پہلے سے زیادہ خراب ہوتی دکھائی دے رہی ہے ، کیوں کہ کورونا کیسز میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، اس صورتحال میں عوام کو احتیاط برتنے کی ضرورت ہے ، ضرورت ہے کہ ہم سب متحد ہوں اور ایک بار پھر وہی کامیابی حاصل کریں جو ہم نے پہلی لہر میں حاصل کی، جس کے لئے ہمیں عالمی سطح پر پذیرائی ملی۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جانتے ہیں آج سے 16 مئی تک پابندیوں سے عوام کو مشکلات ہوں گی ، ان اقدامات کی ضرورت انتہائی خطرناک صورتحال کی وجہ سے ہوئی ہے جو اس خطے میں وائرس کے خوفناک پھیلاؤ کے ساتھ پیدا ہوئی ہے ، اس لیے خطے میں کورونا کے خطرناک پھیلاؤ کے باعث یہ فیصلہ ناگزیر تھا ، کیوں کہ بھارت میں وبا سے پیدا صورتحال عالمی میڈیا پر توجہ کا مرکز بنی ، بھارت میں اسپتال بھر گئے، کئی مقامات پر آکسیجن کی کمی ہے۔سربراہ این سی او سی نے بتایا کہ کل بھارت میں 4 لاکھ سے زائد کیسز، 4 ہزار اموات ہوئیں، پاکستان سے آدھی آبادی والے ایران میں یومیہ اموات 400 تک پہنچیں، نیپال میں بھی یومیہ کیسز کی تعداد 7 ہزار سے زائد ہے ، عالمی وبا کے خلاف ہم سب کو مل کر جنگ لڑنی ہوگی اور ماضی کی طرح نئی لہر میں بھی کورونا کا مل کر مقابلہ کرنا ہوگا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں