لاہور (پی این آئی ) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ خبریں پھیلائی جارہی ہیں کہ کورونا ویکسین ختم ہوگئی ، ویکسین سے متعلق تمام غلط خبریں پھیلائی جارہی ہیں ، ہمارے پاس ویکسین بالکل بھی ختم نہیں ہوئی اور ویکسی نیشن کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق انہوں نے کہا کہ ویکسین ہمارے پاس وافر مقدار میں پڑی ہے، شہری آکر ویکسین لگوائیں ، این سی او سی نے جون تک 3 لاکھ یومیہ ویکسین لگانے کا ہدف دیا ہے ، جب کہ اس وقت تک لاکھوں لوگوں کو ویکسین لگ چکی ہے۔وزیر صحت پنجاب نے کہا کہ کورونا یکسین کا کوئی ری ایکشن نہیں ہے اس لیے لوگ پریشان نہ ہوں ، چین کی ویکسین کا شمار دنیا کی بہترین ویکسین میں ہوتا ہے، 40 سال سے زائد عمر کے افراد کو بھی واک ان ویکسین کی اجازت ہوگی۔علاوہ ازیں آسٹرازنیکا کورونا ویکسین کی پہلی کھیپ بھی پاکستان پہنچ گئی ہے ، کوویکس کی فراہم کردہ مفت کورونا ویکسین کی پہلی کھیپ پاکستان پہنچ گئی ہے ، 12 لاکھ 38 ہزار کورونا ویکسین ڈوزز غیر ملکی ایئرلائن سے پاکستان پہنچائی گئیں ، وزارت صحت کے مطابق کوویکس کی فراہم کردہ کورونا ویکسین جنوبی کوریا کی تیارکردہ ہے، کوویکس نے پاکستان کو پہلی کھیپ آسٹرازنیکا ویکسین کی فراہم کی ہے، آسٹرازنیکا کورونا ویکسین پہلی مرتبہ پاکستان آئی ہے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ کورونا ویکسین کی پہلی کھیپ فیڈرل ای پی آئی کے ویئرہاؤس منتقل کردی گئی ، پاکستان کورونا وائرس سے متعلق عالمی اتحاد کوویکس کا رکن ملک ہے اور کوویکس پاکستان کی 20 فیصد آبادی کو مفت ویکسین فراہم کرے گا۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے بیان میں کہا تھا کہ کوویکس پاکستان کو ویکسین تین مراحل میں فراہم کرے گا ، جون کے اختتام تک 17.1 ملین ویکسین فراہم کی جائیں گی، کوویکس پاکستان کو جون تک مجموعی طور پر 22.7 ملین ڈوززفراہم کرے گا ، اسی طرح نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے اب تک موصول ہونے والی کورونا ویکسین کی تفصیلات جاری کر دی ہیں ، این سی او سی کے مطابق اب تک ایک کروڑ 19 لاکھ ویکسین کی خوراکیں موصول ہوچکی ہیں اور موصول ہونے والی ویکسین میں سائنو فارم، سائنو ویک اور کینسائنو شامل ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں