لاہور( آن لائن ) ایف آئی اے امیگریشن حکام نے شہباز شریف کو سسٹم میں بلیک لسٹ ہونے کے باعث دوحہ جانے والی پرواز سے آف لوڈ کردیا۔صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف کو لاہور سے دوحہ جانے سے قبل ایئرپورٹ پر موجود ایف آئی اے امیگریشن اہلکار نے انہیں روک کر دوحہ جانے والی پرواز سے آف لوڈ کردیا جس کے بعد وہ ایئرپورٹ سے واپس اپنی رہائشگاہ ماڈل ٹاون پہنچ گئے۔شہباز شریف نے ایئرپورٹ پر امیگریشن اہلکار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کا آرڈر ہے اور ون ٹائم ٹریول کی اجازت دی گئی ہے جس پر انہیں بتایا گیا کہ امیگریشن سسٹم پر کلیئرنس اپ ڈیٹ ہونے تک آپ ملک سے باہر نہیں جا سکتے۔ایف آئی اے امیگریشن حکام کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے شہباز شریف کا نام تاحال بلیک لسٹ سے نہیں نکالا گیا، سسٹم میں کلیئرنس جاری نہیں ہوئی، امیگریشن سسٹم میں اپ ڈیٹ نہ ہونے سے انہیں آف لوڈ کردیا گیا لہٰذا نام کلئیر ہونے پر جہاز میں سوار ہونے کی اجازت دی جائے گی دوسری جانب ترجمان مسلم لیگ نون مریم اورنگزیب نے کہا کہ ایف آئی اے عمران خان کے حکم پر توہین عدالت کر رہی ہے، شہباز شریف کا نام ایک اور لسٹ میں شامل کر دیا، چھوٹی حرکتوں سے شہباز شریف کو فرق نہیں پڑے گا، وکلاء سے مشاورت جاری ہے، عدالت جائیں گے۔لیگی رہنما عطااللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ زلفی بخاری کا نام ڈیڑھ گھنٹے میں ای سی ایل سے نکل سکتا ہے، شہبازشریف کا نام ای سی ایل میں نہیں تھا، نیب نیازی گٹھ جوڑ کا پل شہزاد اکبر ہیں، یہ سلیکٹڈ حکمران کی چھوٹی چھوٹی خوشیاں ہیں۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں