وزیر اعظم کا دورہ سعودی عرب، عوام کو بڑی خوشخبری ملے گی، فردوس عاشق اعوان کا دعویٰ

راولپنڈی(آئی این پی ) وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ شہباز شریف کو اب پاکستان کی گرمی ستا رہی ہے اور لندن میں ٹھنڈے محلات کیلئے ان کا دل مچل رہا ہے ، تحریک انصاف کی حکومت نے ہمیشہ عدالتی فیصلوں کی پاسداری کی ہے اور شہباز شریف کے بیرون ملک جانے کی اجازت کے حوالے سے عدالتیں جو فیصلہ کریں گی حکومت اس کے حوالے سے ہی کاروائی کرے گی۔یہ باتیں انہوں نے جمعہ کو حیدری چوک رمضان بازار راولپنڈی کے دورہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں کیں۔ معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے سعودی عرب دورہ کے موقع پر پاک سعودی تعلق کے حوالے سے عوام کو خوش خبری ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ایک سچے عاشق رسول کی طرح سرزمین مقدس میں گے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا اس وقت مقابلہ کسی سیاسی جماعت سے نہیں ہے بلکہ حکومت کا اصل مقابلہ مہنگائی سے ہے اور حکومت بمقابلہ مہنگائی میچ میں فتح حکومت ہی کی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے خلاف حکومتی کوششوں میں سب سے بڑی رکاوٹ ناجائز منافع خور اور ذخیرہ اندوز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی سردار عثمان بزادر کی عوام ریلیف پالیسی سے مہنگائی کی کمر ٹوٹ کر رہے گی اور انتظامیہ اور حکومت گاڑی کے دو پہیئے بن کر عوام کو ریلیف دیں گے۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سیالکوٹ میں رمضان بازار کے دورہ کے موقع پر میرے غصہ سے اگر صوبہ بھر میں رمضان بازاروں کوئی بہتری آئی ہے تو مجھے قبول ہے۔ انہوں نے کہا کہ چینی کے سٹالز پر عوام کیلئے اب بیٹھنے کے کرسیوں اور پنکھوں کا انتظام کیا گیا ہے تاکہ سبسڈی پر چینی حاصل کرنے کے لئے عوام کو لائنوں میں لگ کر دھکے نہ کھانے پڑیں اور عوام کو باعزت طریقہ سے سستی چینی میسر آ سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف پہنچانے کیلئے ہر وقت کوشاں ہے اور اب برائلر مرغی، کوکنگ آئیل اور گھی کی سیکٹرز کو شوگر سیکٹر کی طرز پر ریگولیٹ کیا جا ئیگا تاکہ عوام کو ریلیف ملے اور ناجائز منافع خوری کا خاتمہ ممکن کیا جا سکے۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عید کی چھٹیوں کے دوران لاک ڈاؤن کا مقصد عوام کی صحت اور زندگی کا تحفظ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا پھیلنے کی شرح لاہور میں 23 فیصد تک بڑھ گئی اور حکومت کے لاک ڈاؤن کے فیصلہ سے کورونا کا سائیکل ٹوٹے گا اور عید کے دوران لاک ڈاؤن قوم کیلئے اچھی نوید لائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سیاستدانوں کی عید ملن پارٹیوں پر پابندی ہو گی اور تمام سیاستدانوں کو چاہئے کہ اس حوالے سے مثال قائم کریں اور عوام بھی عید کے موقع پر گھروں میں دعوتوں کی بجائے فون پر یا ویڈیو کال کے ذریعہ عید کی مبارکباد دیں۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ تمام رمضان بازاروں کو عید بازاروں میں بدلیں گے جو لاک ڈاؤن کے دوران بھی قائم رہیں گے اور عوام کی سہولت کیلئے عید بازاروں کے اوقات بڑھائیں گے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close