وزیر اعظم چور نہیں تو مہنگائی کیوں ہو رہی ہے؟ پٹرول، ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے کاروبار بند کر رہے ہیں،گڈزٹرانسپورٹرز کا اعلان

لاہور (آن لائن) آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن لاہور ڈویژن کے جنرل سیکرٹری محمد اظہرقادری نے کہاہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں کم کی جائیں،عمران خان صاحب آپ نے خود کنٹینر پر کھڑے ہوکر کہا تھا اگر مہنگائی ہو تو سمجھ جاو حکمران چور ہیں، ہم عمران خان کو یاد دلاتے ہیں کہ اب آپ کی حکومت میں مہنگائی نے غریب قوم کی کمر توڑ دی ہے۔ان خیالا ت کااظہارانہو ں نے آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی کے رہنما ئو ںحاجی الیاس بابر،حاجی ناظم الدین بردی،حاجی محمد اظہر سراج و د یگر سے گفتگو کر تے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ پیٹرولیم مصنوعا ت کی قیمتیں میں اضا فہ ہمیں کاروبار بند کرنے پر مجبور کر رہا ہے بقول آپ کے حکمران چور ہو تو مہنگائی ہوتی ہے آپ تو خود کو ایماندار دیانتدار صادق اور امین کہتے ہیں تو اب مہنگائی کیوں ہو رہی ہے ہم بھر پور مطالبہ کرتے ہیں کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں کم کی جائیں تاکہ ہم اپنا کاروبار جاری رکھ سکیں اور غریب قوم مہنگائی کے بوجھ تلے دبنے سے بچ جائے۔۔۔

سفیروں کے ساتھ کنٹینر کی زبان،وزیر اعظم کو میڈیا سرکس لگانے کی کیا ضرورت تھی؟

اسلام آباد (آن لائن) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کے سفیروں سے وڈیو لنک پر خطاب پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی سفارت کاری کا جنازہ نکال کر تین سال بعد عمران صاحب کو سفیروں سے وڈیولنک پر خطاب کی یاد آئی ۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا عمران صاحب سفارتی جائزہ لینا تھا تو میڈیا سرکس لگانے کی کیا ضرورت تھی؟آپ کس کے ایجنڈے پر کام کررہے ہیں؟ ملک میں افسروں کی تضحیک کے بعد پاکستان کی نمائندگی کرنے والے سفیروں اور سفارت خانوں کی تضحیک شروع کردی ہے۔عمران صاحب آپ کنیٹنر پر خطاب نہیں کررہے، کچھ سفارتی وانتظامی اقدار سیکھیں۔ عمران صاحب کنٹینر کی زبان اپنے سفراء کے ساتھ استعمال کرتے ہوئے آپ کو شرم آنی چاہئے ۔عمران صاحب لیکچر جھاڑنے سے پہلے یہ تو پتہ کرلیا کریں کہ پاسپورٹ اور نائکاپ کے اجرا کا تعلق وزارت داخلہ سے ہے، خارجہ سے نہیں ۔ عمران صاحب اپنی گرتی ہوئی سیاست بچانے کے لئے گری ہوئی حرکتیں کرکے ملک کے ساتھ خطرناک کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا عمران صاحب بیرون ملک پاکستانیوں اور پاکستانی سفارت خانوں کے درمیان ٹکراو اور تصادم پیدا کرنے کی سازش کررہے ہیں ۔ ہندوستان کے سفیروں کی تعریف اور پاکستانی سفارتکاروں پر تنقید اور حوصلہ شکنی کرکے عمران صاحب دنیا کو کیا پیغام دینا چاہتے ہیں؟ عمران صاحب وزارت خارجہ کے بجٹ میں اڑھائی فیصد اضافہ کرکے سفیروں سے مطالبہ کررہے ہیں کہ پوری دنیا فتح کرلو۔ انہوں نے کہا جن ممالک میں یہ سفیر نمائندگی کررہے ہیں، آپ کی حرکت کے بعد وہاںانہیں کوئی سنجیدہ کیوں لے گا۔ انہوں نے کہا عمران صاحب اس طرح کے ڈرامے کرکے بیرون ملک پاکستانی آپ کو ووٹ نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں عوام جس طرح آپ کو مسترد کرچکے ہیں، بیرون ملک پاکستانی بھی اس سے زیادہ آپ کو مسترد کریں گے۔ عمران صاحب آپ کو اب پاکستانی نہیں صرف الیکڑانک مشینیں ہی ووٹ دیں گی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close