اسلام آباد (آن لائن) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کے سفیروں سے وڈیو لنک پر خطاب پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی سفارت کاری کا جنازہ نکال کر تین سال بعد عمران صاحب کو سفیروں سے وڈیولنک پر خطاب کی یاد آئی ۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا عمران صاحب سفارتی جائزہ لینا تھا تو میڈیا سرکس لگانے کی کیا ضرورت تھی؟آپ کس کے ایجنڈے پر کام کررہے ہیں؟ ملک میں افسروں کی تضحیک کے بعد پاکستان کی نمائندگی کرنے والے سفیروں اور سفارت خانوں کی تضحیک شروع کردی ہے۔عمران صاحب آپ کنیٹنر پر خطاب نہیں کررہے، کچھ سفارتی وانتظامی اقدار سیکھیں۔ عمران صاحب کنٹینر کی زبان اپنے سفراء کے ساتھ استعمال کرتے ہوئے آپ کو شرم آنی چاہئے ۔عمران صاحب لیکچر جھاڑنے سے پہلے یہ تو پتہ کرلیا کریں کہ پاسپورٹ اور نائکاپ کے اجرا کا تعلق وزارت داخلہ سے ہے، خارجہ سے نہیں ۔ عمران صاحب اپنی گرتی ہوئی سیاست بچانے کے لئے گری ہوئی حرکتیں کرکے ملک کے ساتھ خطرناک کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا عمران صاحب بیرون ملک پاکستانیوں اور پاکستانی سفارت خانوں کے درمیان ٹکراو اور تصادم پیدا کرنے کی سازش کررہے ہیں ۔ ہندوستان کے سفیروں کی تعریف اور پاکستانی سفارتکاروں پر تنقید اور حوصلہ شکنی کرکے عمران صاحب دنیا کو کیا پیغام دینا چاہتے ہیں؟ عمران صاحب وزارت خارجہ کے بجٹ میں اڑھائی فیصد اضافہ کرکے سفیروں سے مطالبہ کررہے ہیں کہ پوری دنیا فتح کرلو۔ انہوں نے کہا جن ممالک میں یہ سفیر نمائندگی کررہے ہیں، آپ کی حرکت کے بعد وہاںانہیں کوئی سنجیدہ کیوں لے گا۔ انہوں نے کہا عمران صاحب اس طرح کے ڈرامے کرکے بیرون ملک پاکستانی آپ کو ووٹ نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں عوام جس طرح آپ کو مسترد کرچکے ہیں، بیرون ملک پاکستانی بھی اس سے زیادہ آپ کو مسترد کریں گے۔ عمران صاحب آپ کو اب پاکستانی نہیں صرف الیکڑانک مشینیں ہی ووٹ دیں گی۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں