سرکاری ملازمین کو عیدالفطر کے موقع پر سپیشل الائونس دینے کا وعدہ کھٹائی میں پڑ گیا

فیصل آباد(آن لائن) حکومت پنجاب کی طرف سے سرکاری ملازمین کو عیدالفطر کے موقع پر سپیشل الائونس دینے کا وعدہ کھٹائی میں پڑ گیا، فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو بجٹ کی سہ ماہی قسط بھی جاری نہ ہو سکی جس کے باعث فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ساڑھے تین ہزار سے زائد ملازمین کی عید کی خوشیاں مانند پڑ گئی، گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہونے پر فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی انتظامیہ نے پراویڈنٹ فنڈ سے آدھی تنخواہیں ادا کی گئی، حکومت پنجاب کی طرف سے عیدالفطر کے موقع پر سرکاری ملازمین کو ایک سے ڈیڑھ ماہ کی تنخواہ کے طور پر سپیشل الائونس دینے کی نوید سنائی تھی لیکن حکومت کی طرف سے بعض سرکاری اداروں کو سیلری بجٹ کی سہ ماہی کی قسط بھی جاری نہیں کی گئی جس کی وجہ سے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ملازمین کو گزشتہ دو ماہ سے تنخواہوں کی ادائیگی نہ ہو سکی، فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ملازمین کو تنخواہیں نہ ملنے پر انکے گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہو گئے اور عیدالفطر کی آمد کے موقع پر تنخواہ نہ ملنے پر شدید پریشانی میں مبتلا ہو گئے فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ساڑھے تین ہزار سے زائد ملازمین ہیں جن کی اکثریت شہر کی صفائی ستھرائی پر مامور ہے، آن لا ئن کے مطابق حکومت پنجاب کی طرف سے پہلے یکمشت سیلری بجٹ جاری کردیا جاتا تھا لیکن موجودہ حکومت میں سیلری بجٹ بھی سہ ماہی قسط میں بھجوایا جاتا ہے اور حکومت پنجاب کی منظوری کے بعد بجٹ ریلیز کرتے ہوئے فنانس ڈیپارٹمنٹ اکائونٹس ڈیپارٹمنٹ اور دیگر محکموں کی منظوری کے بعد کمپنی کے اکائونٹ میں پہنچتے ایک ماہ سے زائد کا عرصہ لگ جاتا ہے۔ ذرائع کے مطابق دوران سال کی آخری سہ ماہی کی قسط ابھی تک فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے اکائونٹ میں نہیں پہنچی جس کی وجہ سے ملازمین کو تنخواہیں ادا نہ کی جا سکی، فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی انتظامیہ نے سیلری بجٹ ریلیز نہ ہونے کی وجہ سے پراویڈنٹ فنڈز سے ملازمین کو آدھے ماہ کی تنخواہیں دی گئی ہے تاکہ وہ عید منا سکیں۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں