اسلام آباد(آئی این پی)وزیرمملکت برائے اطلاعات ونشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ اپنا گھرخواب کی تکمیل کو وزیراعظم عمران خان نے اپنی دن رات محنت سے حقیقت میں بدل دیاہے ،پہلے مرحلہ میں پنجاب کی 39تحصیلوں میں 41مقامات پر 10ہزار سستے گھر 1سال کی مدت میں مکمل ہونگے،وزیراعظم عمران خان آج جمعرات کولاہور میں رائیونڈ سمیت10تحصیلوں میں بیک وقت سستے گھروں کی تعمیرکے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیںگے۔ بدھ کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹس میں وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان (آج)جمعرات کولاہور میں رائیوینڈ سمیت10تحصیلوں میں بیک وقت تعمیر کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف مراحل میں گھروں کی تعمیر کے اس پیری اربن ہاوسنگ منصوبہ کے دائرہ کار کو پنجاب کے 36 اضلاع کی 143 تحصیلوں تک بڑھا دیا جائے گا وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے بتایا کہ اس پیری اربن منصوبہ کے تحت3.5 مرلہ کے مکان پر15 لاکھ روپے لاگت آئیگی جس میں حکومت پاکستان 3 لاکھ روپے فی گھر سبسڈی ادا کرے گی اور کم آمدن والے محنت کش، چھوٹے کاروباراور نوکری پیشہ افراد تقریبا 10 ہزار روپے ماہانہ قسط ادا کرکے اپنے مکان کے مالک بن جائیںگے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں