8سے 16مئی تک مکمل لاک ڈائون کا اعلان ہوتے ہی بس اڈو ں پر عوام کا ہجوم امڈ آیا، ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں اضافہ کر دیا

کراچی (پی این آئی)عیدالفطر کی تعطیلات میں ٹرانسپورٹ پر مکمل پابندی، بس اڈوں پر عوام کا ہجوم اُمڈ آیا، ٹرانسپورٹرز نے کرائے دگنے کرنے کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں ٹرانسپورٹ بند ہونے کی خبروں کے بعد لاری اڈوں پر لوگوں کا ہجوم بڑھ گیا۔ٹرانسپورٹرز نے بہتی گنگا میں ہاتھ دھوتے ہوئے کرائے دوگنے کرنے کا اعلا ن کر دیا ہے، جس کے بعد عوام کی پریشان میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ملک بھر کے بس اڈوں ، ویگن اسٹینڈ اور ریلوے اسٹیشنز پر لوگوں کا ہجوم دیکھنے میں آیا لوگ عید اپنے گھروں میں منانے کیلئے جانے لگے لاک ڈاؤن کے خوف سے ٹرانسپورٹروں نے بھی کرایوں میں اضافہ کردیا اور ایس او پیز کو بہانہ بناکر مسافروں سے ڈبل کرائے وصول کئے جانے لگے ٹیکسی ڈرائیوروں نے بھی اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے دیگر کرایوں میں دو گنا اضافہ کردیا مجبوری کے تحت لوگوں کی بڑی تعداد ذاتی سواری کرایہ پر لیکر جانے پر مجبور نظر آئی۔واضح رہے کہ گزشتہ روز نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے بھی اعلان کیا تھا کہ 8 سے 16 مئی تک تمام تجارتی ‏سرگرمیاں بند رہیں گی اور سیاحت پر مکمل پابندی ہوگی۔وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا جس میں معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے بھی خصوصی شرکت کی۔این سی اوسی نے اجلاس میں 8 سے 16 مئی کے دوران ایس او پیز عمل درآمد کی مانیٹرنگ کے لیے ٹیمیں تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ،ضلعی سطح پر تشکیل دی گئی مانیٹرنگ ٹیمیں ایس او پیز کے عمل درآمد کو یقینی بنائیں گی،8 سے 16 مئی کے دوران تمام کاروباری مراکز اور دکانیں بند رہیں گی۔این سی او سی کا کہنا ہے کہ 8 سے 16 تک سیاحت پر ‏مکمل پابندی ہوگی، پکنک اسپاٹس، ٹوریسٹ ریزورٹس، شاپنگ مالز، ہوٹلز، ریسٹورنٹس بندہوں گے ‏تفریحی مقامات کےاطراف ہوٹلز اورریسٹورنٹس بندرہیں گے، سیاحتی مقامات پر جانے والے راستے ‏مکمل بندرکھےجائیں گے جب کہ شمالی علاقہ جات، سی ویو، ساحلی علاقے بند رہیں گے۔این سی او سی کے مطابق کھانےپینےکی دکانیں، گروسری، پمپس، بیکری اور میڈیکل اسٹورز کھلے ‏رہیں گے، 8 سے16 مئی کےدوران آزادکشمیر، گلگت بلتستان کے لوگ آبائی علاقےجاسکیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close