اسلام آباد(پی این آئی)سعودی عرب کی طرح ہماری حکومت بھی 24 گھنٹے کاروبار کی اجازت دے، تاجروں نے 8 تا 16 مئی کاروبار بند کرنے کا حکومتی نوٹیفکیشن مسترد کر دیا، کاروبار کھلا رکھنے کا فیصلہ۔ تفصیلات کے مطابق تاجروں نے کاروبار بند رکھنے اور لاک ڈاؤن کے حکومتی فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے چاند رات تک کاروبار کھلا رکھنے کا اعلان کر دیا ہے۔صدرآل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ نے کہا ہے سعودی عرب کی طرح ہماری حکومت بھی 24 گھنٹے کاروبار کرنے کی اجازت دے۔ انہوں نے کہا کہ ہم 8 تا 16 مئی کاروبار بند کرنے کا حکومتی نوٹیفکیشن مسترد کرتے ہیں۔ایک بیان میں اجمل بلوچ نے اعلان کیا ہے کہ تاجر برادری چاند رات تک کاروبار جاری رکھے گی۔صدر آل پاکستان انجمن تاجران کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کے غلط فیصلے سے جتنا کورونا وائرس پھیلنا تھا وہ 2 دنوں میں پھیل چکا ہے۔اجمل بلوچ نے یہ بھی کہا کہ کورونا روکنے کے لئے حکومت زیادہ ٹائم دے تاکہ رش ختم ہوجائے، تاجر برادری چاند رات تک کاروبار جاری رکھے گی۔ فیصلہ ساز بتائیں یومیہ بنیاد پر رزق کمانے والے 9 دن کہاں سے گھروں کا خر چ چلا ئیںگے۔ واضح رہے کہ صوبائی حکومتوں نے آج پنجاب اور خیبر پختونخوا میں 8سے 16مئی تک مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے۔ صوبائی وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گيا ہے کہ پنجاب میں آٹھ سے سولہ مئی تک ہرقسم کی ٹرانسپورٹ اور سیاحتی مقامات بند رہیں گے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر چیک پوائنٹس بنیں گے، پولیس رینجرز اور فوج تعینات کی جائے گی۔ یاسمین راشد نے کہا کہ کورونا وبا پر قابو پانے کیلئے اگلے 15 سے 20 دن نہایت اہم ہیں، عوام عید سادگی سے منائيں۔خیبر پختونخوا میں بھی آٹھ سے سولہ مئی تک پبلک ٹرانسپورٹ بند رہے گی اور سفر پر مکمل پابندی ہوگی۔ کے پی میں نجی گاڑیوں کو پچاس فیصد سواریوں کے ساتھ سفر کی اجازت ہوگی، چاند رات پر مہندی، زیورات، کپڑے کے اسٹال نہیں لگائے جائیں گے۔گزشتہ روز نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے بھی اعلان کیا تھا کہ 8 سے 16 مئی تک تمام تجارتی سرگرمیاں بند رہیں گی اور سیاحت پر مکمل پابندی ہوگی۔وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا جس میں معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے بھی خصوصی شرکت کی۔این سی اوسی نے اجلاس میں 8 سے 16 مئی کے دوران ایس او پیز عمل درآمد کی مانیٹرنگ کے لیے ٹیمیں تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ،ضلعی سطح پر تشکیل دی گئی مانیٹرنگ ٹیمیں ایس او پیز کے عمل درآمد کو یقینی بنائیں گی،8 سے 16 مئی کے دوران تمام کاروباری مراکز اور دکانیں بند رہیں گی۔این سی او سی کا کہنا ہے کہ 8 سے 16 تک سیاحت پر مکمل پابندی ہوگی، پکنک اسپاٹس، ٹوریسٹ ریزورٹس، شاپنگ مالز، ہوٹلز، ریسٹورنٹس بندہوں گے تفریحی مقامات کےاطراف ہوٹلز اورریسٹورنٹس بندرہیں گے، سیاحتی مقامات پر جانے والے راستے مکمل بندرکھےجائیں گے جب کہ شمالی علاقہ جات، سی ویو، ساحلی علاقے بند رہیں گے۔این سی او سی کے مطابق کھانےپینےکی دکانیں، گروسری، پمپس، بیکری اور میڈیکل اسٹورز کھلے رہیں گے، 8 سے16 مئی کےدوران آزادکشمیر، گلگت بلتستان کے لوگ آبائی علاقےجاسکیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں