اسلام آباد(پی این آئی)پاکستانی سفارتخانے ایسے نہیں چل سکتے، سفارتخانے اوورسیز پاکستانیوں سے اپنا رویہ تبدیل کریں، یہ لوگ ہمارا اثاثہ ہیں، خلاف ورزی پر آپ کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا، وزیراعظم عمران خان نے دنیا بھر کے پاکستانی سفیروں کو وارننگ جاری کر دی۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے دنیا بھر کے پاکستانی سفیروں سے اپنے ایک حالیہ خطاب کے دوران کہا ہے کہ پاکستانی سفارتخانے بدحالی کا شکار ہیں، ان کا رویہ اوورسیز پاکستانیوں کے ساتھ بالکل بھی ٹھیک نہیں، انہیں اپنا رویہ تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔وزیراعظم عمران خان نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ سمندر پار پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں، سفارتخانے اوورسیز پاکستانیوں سے اپنا رویہ تبدیل کریں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی سفارتخانے جس طرح چل رہے ہیں، سفارت خانے ایسے نہیں چل سکتے، بدقسمتی سے ہمارے سفیروں کا بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے رویہ ناروا ہوتا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب میں سفارتخانے سے ملنے والے فیڈ بیک پریشان کن تھے، سعودی عرب میں پاکستانی سفارتخانے میں پریشان کن صورتحال پیدا ہوئی، سٹیزن پورٹل پر سفارتی عملے کی غیرموجودگی کی شکایت ملی۔سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے سب سے زیادہ ترسیلات زرآتی ہیں، اور ان اوورسیز پاکستانیوں کی ترسیلات کی وجہ سے پاکستان دیوالیہ پن سے محفوظ رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سمندرپار پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، خواہش ہے کہ ہمارے سفیروں کا اوورسیز پاکستانیوں سے رویہ بہتر رہے، سفارت خانوں کا کام اپنے شہریوں کو سروس دینا ہے، سفارت خانوں کا نوآبادیاتی دور والا رویہ ناقابل قبول ہے، سفارتخانے اووسیز پاکستانیوں سے اپنا رویہ تبدیل کریں۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہمارے سفیر جو وقت دیتے ہیں اس پر ملتے نہیں،عوامی شکایات کے ازالے کے لیے سفارت خانوں میں کوئی نظام وضع نہیں،سٹیزن پورٹل پر سفارتی عملے کی غیرموجودگی کی شکایات ملیں۔واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے حکومت میں آنے کے بعد اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے کے لیے اہم اقدامات اُٹھائے ہیں، اور اِس ضمن میں انہوں نے حال ہی میں سعودی عرب میں تعینات پاکستانی سفیر کو بھی معطل کر دیا تھا، سعودی عرب سے پاکستانیوںکی شکایات موصول ہوئی تھیں، جس میں بتایا گیا تھا کہ سعودی عرب میں پاکستانی سفارتکار اُن کے مسائل کے حل کے لیے کام نہیں کر رہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں