اسلام آباد (پی این آئی ) پاکستان میں عالمی وباء کورونا وائرس کے باعث 10 ویں اور 12 ویں جماعت کے امتحانات لینے جب کہ 9 ویں اور 11 ویں کے طلبہ کو پروموٹ کیے جانے کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق آئی بی سی سی کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا ، جس میں یہ تجویز زیر غور آئی کہ امتحانات کو مختصر کرنے کے لیے لازمی مضامین کے بجائے اختیاری مضامین کے امتحان لیے جائیں ، اس موقع پر کہا گیا کہ سائنس کے زمرہ میں تو یہ ممکن ہے تاہم آرٹس میں اختیاری مضامین ہونے کے باعث مشکل ہوگی لہٰذا بہتر ہے کہ دسویں اور بارہویں کے امتحان لیے جائیں جب کہ نویں اور گیارہویں کے طلبہ کو بغیر امتحان اگلی کلاسوں میں بھیج دیا جائے ، اگر آئی بی سی سی اس تجویز پر متفق ہوگیا کہ دسویں اور بارہویں کے امتحان لیے جائیں تو پھر یہ معاملہ حتمی منظوری کے لیے بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس میں بھیجا جائے گا اور وہاں سے منظوری کے بعد اس کا اطلاق پورے ملک میں کردیا جائے گا۔بتایا گیا ہے کہ اسٹیئرنگ کمیٹی کے آن لائن اجلاس کی صدارت چیئرمین اسٹیئرنگ کمیٹی ڈاکٹر ناظم جیوا نے کی ، اجلاس میں سیکرٹری آئی بی سی سی ڈاکٹر غلام علی ملاح ، چیئرمین انٹرمیڈیٹ بورڈ کراچی ڈاکٹر سعید الدین ، سرگودھا تعلیمی بورڈ کی چیئرپرسن ڈاکٹر کوثر رئیس ، کوہاٹ تعلیمی بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر شوکت حیات ، فیڈرل بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر قیصر عالم نے شرکت کی۔قبل ازیں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود واضح کرچکے ہیں کہ اب کسی طالب علم کو مفت کے گریڈ نہیں ملیں گے بلکہ امتحانات ہوں گے ، انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال بچوں کو بغیر امتحان کے پاس کیا گیا تھا لیکن اب امتحانات کے بغیر گریڈ نہیں دیے جائیں گے کیوں کہ اس طرح پڑھے لکھے بچوں کی محنت ضائع ہوتی ہے ، ہماری کوشش ہو گی کہ جو بچے امتحان دیں ان کو داخلہ مل جائے۔وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ گزشتہ سال گریڈ سسٹم میں بہت گھپلے ہوئے تھے، گزشتہ سال بچوں کو صحیح گریڈ نہیں مل سکے تھے اور اچھے پڑھے لکھے بچے سی گریڈ میں پاس ہوئے تھے ، لیکن اس بار ہم پوری کوشش کریں گے کہ بچوں کا سال ضائع نہ ہو اور داخلہ مل سکے ، شفقت محمود نے کہا کہ بچے تو چاہتے ہیں ہم امتحان کے بغیر پاس ہوجائیں تاہم کئی والدین ہمیں کہتے ہیں بچوں کی تیاری ہے امتحانات لیے جائیں ، امتحان ہوں گے یہ نہیں ہوسکتا پڑھے لکھے بچوں کا نقصان ہو ، رسک ہر چیز میں ہے ایس او پیز کے ساتھ امتحانات ہوں گے، پہلے جو صحت پر شور مچارہے تھے اب کہہ رہے ہیں بغیر امتحان پاس کردو۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں