اسلام آباد (پی این آئی) ایک طرف جب ملک میں چینی کی مہنگائی عروج پر ہے اور حکومت عوام کو سستی چینی فراہم کرنے کی کوششیں کر رہی ہے اس دوران یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن نے پاکستان تحریک انصاف کے سینئر لیکن ناراض رہنما جہانگیر ترین کی شوگر ملز سے 90 روپے فی کلو میں چینی خرید لی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کی طرف سےمقامی شوگر ملوں سے 40 میٹرک ٹن چینی کی خریداری کیلئے جاری ٹینڈر میں جے ڈی ڈبلیو شوگر ملز نے سب سے کم بولی 90 روپے فی کلو فی دی تھی۔یوٹیلٹی اسٹورز نے چینی 90 روپے فی کلو کے حساب سے خریدی جبکہ حکومت نے چینی کا ایکس مل ریٹ 80 روپے فی کلو مقرر کررکھا ہے، یوں یوٹیلٹی اسٹورز کو حکومت کے مقرر کردہ نرخ سے چینی 10 روپے فی کلو مہنگی ملی۔اس حوالے سے جب پوچھا گیا تو یوٹیلیٹی اسٹورز حکام کا کہنا ہے جے ڈی ڈبلیو شوگر ملز سے چینی خریدی ہے تاہم 40 ہزار ٹن چینی کا ٹینڈر ہے، کتنی مقدار میں اٹھائیں،اس کا فیصلہ ضرورت کی صورتحال دیکھ کر کریں گے۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں