سنیئر سیاست دان نے ن لیگ میں شمولیت کی خواہش کا اظہار کر دیا

لاہور (آئی این پی ) پی ٹی آئی کے سابق رہنماء اور چکوال کے ممتاز سیاستدان سردار غلام عباس نے مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں محمد شہباز شریف سے ملاقات کرکے انہیں رہائی پر مبارک باد دی اور مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کی خواہش کا بھی اظہار کیا ۔ تفصیلات کے مطابق منگل کے روز پی ٹی آئی کے رہنماء اور چکوال کے ممتاز سیاستدان سردار غلام عباس نے مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں محمد شہباز شریف سے ملاقات کرکے انہیں رہائی پر مبارک باد دی ۔ اور اس خواہش کا اظہار کیا کہ وہ مسلم لیگ ن میں دوبارہ شامل ہو کر اپنا اہم کردار ادا کرنا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی عوام کی ترجمانی نہیں کر سکتی ۔ عوام کی اصل نمائندہ جماعت (ن) لیگ ہے جس کو لوگ بہت یاد کرتے ہیں اور میں نے بھی اسے چھوڑ کر بہت بڑی غلطی کی تھی ۔ پی ٹی آئی نے عوام سے کیاگیا کوئی بھی وعدہ پورا نہیں کیااور نہ ہی عوام کی امنگوں پر پوری اتری ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جب عمران خان اقتدار میں آیا تو ہم سوچتے تھے کہ ا ن کے پاس کوئی بڑا ویژن ہے تاہم تین سال گذرنے کے بعد ہم نے دیکھا کہ ان کے پا س کوئی وژن نہیں ۔ ذرائع کے مطابق 2018 کے الیکشن میں عمران خان نے سردار غلام عباس کوپارٹی ٹکٹ دیا تھاتاہم سپریم کورٹ کی جانب سے انہیں ٹیکس ڈیفالٹر ہونے کے باعث نااہل قرار دے دیا گیا تھا ۔ جب کہ ان کے دو قریبی ساتھی پنجاب سے پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی ہیں اور ان میں سے ایک وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا مشیر بھی ہے ۔ ذرائع کے مطابق سردار غلام عباس نے 2017 میں مسلم لیگ (ن) کو چھوڑ کر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی تھی جب کہ دوسری جانب میجر (ر) طاہر اقبال کو مسلم لیگ (ن) چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شمولیت کے لئے دبائو بھی ڈالا گیا تاہم انہوں نے مسلم لیگ (ن) کو نہ چھوڑا اورہارنے کے باوجود 2018 میں ایک لاکھ 45 ہزار سے زائد ووٹبھی حاصل کیے ۔ ذرائع کے مطابق چکوال اور تلہ گنگ میں مسلم لیگ (ن) میجر (ر) طاہر اقبال اور منصور حیات ٹمن کی صورت میں ایک مضبوط گروپ ہے ۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close