ایک سال کے دوران 15ہزار میڈیا ورکرز ملازمت سے ہاتھ دھو بیٹھے، سینئر لیڈر کا انکشاف

کراچی(آئی این پی)عالمی یوم آزادی صحافت پر ایوان بالا(سینیٹ)کے سابق چیئرمین رضا ربانی نے صحافیوں کے تحفظ سے متعلق پالیسی اور قانون سازی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے پیمرا کے ذریعے میڈیا کو دبایا اور سنسرشپ کرکے آئین کی خلاف ورزی کی ،اپنے بیان میں رضا ربانی نے کہاکہ مئی 2020سے اپریل 2021کے دوران 15ہزار میڈیا ورکرز ملازمت سے ہاتھ دھو بیٹھے، گزشتہ ایک سال کے عرصے میں میڈیا پر حملوں اور خلاف ورزی کے 148واقعات سامنے آئے، صحافیوں کو اغوا کیا گیا اور ان کی جانوں پر حملے ہوئے، صحافیوں کے خلاف 27جعلی کیسز زیر التوا ہیں،سابق چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ آزادی صحافت کے اشاریے پر پاکستان کا نمبر 180ممالک میں سے 145ہے،ان کا کہنا تھاکہ قومی سیکیورٹی کے نام پر کنٹرول کا نیا طریقہ متعارف کرایا گیا ہے، حکومت کو کسی خبر اور معلومات کو ختم کرنے کا کور حاصل ہو گیا ہے،انہوں نے مطالبہ کیا کہ سینیٹ کی پورے ایوان پر مشتمل کمیٹی کا اجلاس بلایا جائے جس میں تمام شراکت داروں کو مدعو کیا جائے اور صحافیوں کے تحفظ سے متعلق پالیسی اور قانون سازی کی جائے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں