خوشاب ( پی این آئی ) ڈپٹی کمشنر خوشاب نے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 84 کے ضمنی انتخاب کے موقع پر پانچ مئی کو پورے حلقے میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ کہ پی پی 84 خوشاب کے ضمنی الیکشن کے سلسلے میں جاری عوامی رابطہ مہم آج رات 12 بجے ختم ہو جائے گی جس کے بعد کسی امیدوار کو جلسہ ،ریلیاں یا کارنر میٹنگ کی اجازت نہیں ہوگی۔جبکہ خلاف ورزی کرنے والے امیدوار کے خلاف کارروائی ہو گی۔ صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے حلقہ PP-84 خوشاب میں 5مئی کو منعقد ہونے والے ضمنی انتخاب کی تیاریاں مکمل کر لیں۔ حلقہ میں الیکشن کمیشن کے افسران ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر اور ریٹر ننگ آفیسر کے فرائض سر انجام دیں گے جن میں خورشید عالم، بطور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر اور شکیل احمد بطور ریٹرننگ آفیسر تعینات کئے گئے ہیں جبکہ ا لیکشن کمیشن کی تعینات کردہ مانیٹرنگ ٹیم ڈسٹرکٹ مانیٹر نگ آفیسر رائے سلطان بھٹی کی سربراہی میں ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے فرائض سرانجام دے رہی ہے۔5 مئی کو منعقد ہونے والے ضمنی انتخاب کیلئے 16کاغذات نامزدگی وصول کئے گئے تھے جن میں سے ایک نامنظور کیا گیا جبکہ 6امیدواران نے کاغذات نامزدگی واپس لے لئے۔ لہٰذا انتخابی میدان میں 9امیدوار الیکشن لڑیں گے جن میں علی حسین خان، پاکستان تحریک انصاف سے، محمد معظم شیر پاکستان مسلم لیگ (ن) سے، غلام حبیب احمد پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹر ینزسے، امجد رضا بطور آزاد امیدوار، اورنگزیب بطور آزاد امیدوار، عمران حیدر خان بطور آزاد امیدوار، محمد الیاس خان بطور آزاد امیدواراور حافظ محمد اصغر علی تحریک لبیک پاکستان سے انتخاب میں حصہ لیں گے۔حلقے کی حدود میں ضلع خوشاب کی 3 تحصیلیں نور پور تھل، قائدآباد اور تحصیل خوشاب کا علاقہ شامل ہے۔حلقہ میں رجسٹرووٹر ز کی کل تعداد 2لاکھ 92ہزار چھ سو ستاسی ہے۔ جن میں ایک لاکھ 55ہزار ایک سو چار مرد ووٹر ہیں جبکہ ایک لاکھ 37ہزار پانچ سو تراسی خواتین ووٹرز ہیں۔ حلقہ میں کل 229پولنگ اسٹیشن قائم کیے جائیں گے جن میں سے 27مردانہ پولنگ اسٹیشنز 26خواتین پولنگ اسٹیشنزاور176 مشترکہ پولنگ اسٹیشنز ہونگے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں