جہانگیر ترین کے ساتھیوں میں مزید اضافہ ہوگیا، چار اراکین اسمبلی عمران خان کی صفوں سے نکل کر جہانگیر ترین کی صفوں میں شامل

اسلام آباد (پی این آئی) وزیراعظم عمران خان کے قریبی ساتھی جہانگیر ترین سے مزید چار ارکان اسمبلی نے رابطہ کیا جس کے بعد جہانگیر ترین کے حامیوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ جہانگیرترین سے مزید چار ارکان قومی اسمبلی نے رابطہ کیا ۔ ارکان اسمبلی کی جانب سے آئندہ چند روز میں جہانگیرترین سے ملاقات کرکے اظہار یکجہتی کیے جانے کا بھی قوی امکان ہے۔ذرائع کے مطابق مشاورتی بیٹھک میں ارکان نے تجویز دی کہ عید کے بعد ٹکٹ ہولڈرز اور ارکان پارلیمنٹ کی مشاورت کی جائے۔ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم کے نامزد کردہ سینیٹر علی ظفر ایڈوکیٹ نے بھی ترین گروپ کے وکلا اور اکاؤٹنٹ سے ملاقات کی، اور کیس کے حوالے جہانگیرترین کی ٹیم کا مؤقف سنا اور سینٹر علی ظفر ایڈووکیٹ نے کہا کہ مئی کے آخر تک وزیراعظم کو رپورٹ پیش کردی جائے گی۔ذرائع کے مطابق علی ظفر ایڈوکیٹ ایف آئی اے اور پراسیکیوشن کی ٹیم سے بھی ملاقات کا ایک دور کرچکے ہیں، اور ان کی اب تک چار میٹنگز کرچکے ہیں۔دوسری جانب میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ پاکستان تحریک انصاف کے ناراض رہنما جہانگیر ترین رہائش گاہ پر ان کے حمایتی اور ہم خیال ارکان پارلیمنٹ کا مشاورتی اجلاس ہوا، جس میں اتفاق کیا گیا کہ وزیراعظم کی یقین دہانی کے بعد عید تک خاموشی اختیار کی جائے گی، اور وزیراعظم عمران خان کے نامزد کردہ سینیٹر علی ظفر ایڈوکیٹ کی تحقیقات کا انتظار کیا جائے گا، جب کہ عید کے بعد صورتحال کے تناظر میں لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔یاد رہے کہ آج صبح لاہور کی مقامی عدالت میں پی ٹی آئی رہنماء جہانگیر ترین کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی ، جہاں جہانگیر ترین اور ان کے صاحبزادے علی ترین عدالت میں پیش ہوئے ، عدالت نے جہانگیر ترین کے خلاف تین مقدمات کی سماعت کی اور جہانگیر ترین اور علی ترین کی عبوری ضمانت میں 19 مئی تک توسیع کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کو 19 مئی تک گرفتار کرنے سے روک دیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close