اسلام آباد(آئی ا ین پی ) مشیرتجارت عبدالرزاق داود نے کہا ہے کہ تحریک انصاف حکومت ملک میں مہنگائی پر قابو پانے میں ناکام رہی ہے، ابھی تک اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول نہیں کیا جا سکا اورعام آدمی کو سخت پریشانی کا سامنا ہے ،بھارت کے ساتھ تجارت کھلنے کے امکانات اس وقت تک نظر نہیں آتے جب تک بھارت کے ساتھ سیاسی مسائل حل نہیں ہوتے۔ ایک انٹرویو میں وزیر اعظم عمران خان کے مشیر برائے کامرس، تجارت اور سرمایہ کاری عبدالرزاق داود نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ملک میں ابھی تک اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول نہیں کیا جا سکا اورعام آدمی کو سخت پریشانی کا سامنا ہے۔ مشیر تجارت نے اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف نے ڈھائی سال میں بہت کام کئے لیکن ملک میں مہنگائی پر قابو پانے میں ناکام رہی، اور عوام کو آگاہی دینے میں بھی ناکامی کا سامنا رہا، عام آدمی کو ریلیف دینا اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے حکومت کی جانب سے ہرممکن کوششیں کی جارہی ہیں امید ہے کہ بہت جلد کامیابی بھی حاصل کریں گے۔عبدالرزاق نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا سے چند ماہ قبل ہماری برآمدات میں 14 سے 15 فیصد اضافہ ہورہا تھا لیکن جیسے ہی اس وبا نے دنیا کو اپنی لپیٹ میں لیا تو ہماری برآمدات بھی اس کی لپیٹ میں آنے سے منفی میں چلی گئیں، تاہم حکومت کی بہترین پالیسیوں، حکمت عملی اور کوششوں سے گزشتہ سال جولائی کے بعد برآمدات میں دوبارہ اضافہ ہونا شروع ہوا اور اب یہ 7 فیصد پر پہنچ گیا ہے، اگر کورونا نہ ہوتا تو پاکستان کی برآمدات 15 سے 20 فیصد کے درمیان ہوتیں۔ ایک سوال کے جواب میں مشیر تجارت کا کہنا تھا کہ افغانستان اور ازبکستان کے ساتھ دو معاہدے کیے جا رہے ہیں جس سے پاکستان کو ان دو ممالک سمیت پورے وسطی ایشیا تک رسائی حاصل ہوگی، ایک پاکستانی ٹرک افغانستان سے ہوتا ہوا پورے وسطی ایشیا جا سکے گا اور اسی طرح دیگر ممالک سے پاکستان میں گاڑیاں آئیں گی اور نقل و حرکت میں اضافہ ہو گا، پاکستان میں شپنگ اور ٹرکنگ کا خرچہ کم ہو جائے گا۔ تاہم بھارت کے ساتھ تجارت کھلنے کے امکانات اس وقت تک نظر نہیں آتے جب تک بھارت کے ساتھ سیاسی مسائل حل نہیں ہوتے۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں