اسلام آباد (پی این آئی)بھارت نے وبا کو نظرانداز کیا اور آج وہ اس بیماری سے جنگ لڑرہا ہے، حکومت کا عید کی تعطیلات کے دوران نقل وحرکت روکنے کیلئے شہریوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں کورونا کے تشویشناک پھیلاؤ کو روکنے کے لیے حکومت نے سخت اقدامات کرنا شروع کر دئیے ہیں، اس ضمن میں عید کی تعطیلات یعنی 8 مئی سے 16 مئی تک کے لیے عوام کی نقل و حمل محدود کرنے کے لیے این سی او سی نے شہریوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔این سی او سی کے مطابق بھارت نے وبا کو نظرانداز کیا اور آج وہ اس بیماری سے جنگ کررہا ہے۔این سی او سی نے بتایا کہ 8 تا 16 مئی کے دوران نقل وحرکت روکنے کیلئے سخت اقدامات ہوں گے لہٰذا گھر رہیں محفوظ رہیں۔دوسری جانب این سی او سی نے کورونا کی نئی اقسام کی روک تھام کےلیے پاکستان کا ایران اور افغانستان کے ساتھ سرحد بند کرنےکا بھی فیصلہ کیا ہے تاہم تجارت جاری رہے گی۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 8 لاکھ 29 ہزار933 ہوچکی ہے ، جہاں اب تک صوبہ سندھ میں 2 لاکھ 84 ہزار 738 کورونا مریض سامنے آچکے ہیں جب کہ صوبہ پنجاب میں یہ تعداد 3 لاکھ 04 ہزار 889 ہے ، اس کے علاوہ صوبہ خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 19 ہزار 277 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں یہ تعداد 75 ہزار 892 بتائی گئی ، صوبہ بلوچستان میں 22 ہزار 528 افراد کورونا کا شکار ہوچکے ہیں ، آزاد کشمیر میں 17 ہزار 297 اور گلگت بلتستان میں 5 ہزار 312 افراد میں اب تک کورونا وائرس کی تصدیق ہوکی ہے۔بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے مزید 113 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جس کے بعد اب اس وبا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد مجموعی طور پر 18 ہزار 070 ہوچکی ہے ، پاکستان میں کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئیں جہاں اب تک 8 ہزار 550 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جب کہ صوبہ سندھ میں یہ تعداد 4 ہزار 658 بتائی گئی ، اس کے علاوہ صوبہ خیبر پختونخوا میں 3 ہزار 350 افراد لکورونا سے انتقال کرچکے ہیں ، وفایق دارالحکومت اسلام آباد میں 691 افراد کا کورونا سے انتقال ہوا ، گلگت بلتستان میں 107، صوبہ بلوچستان میں 237 اور آزاد کشمیر میں اب تک 477 افراد عالمی وباء کورونا وائرس کی وجہ سے لقمہ اجل بن چکے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں