عید سے پہلے بڑی خبر، کن ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کی یقین دہانی کروا دی گئی؟

فیصل آباد(آن لائن)الائیڈ ہسپتال میں کرونا لیبارٹری میں کام کرنے والے ملازمین کا احتجاج رنگ لے آیا، وائس چانسلر فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی نے تنخواہوں کی ادائیگی کی یقین دہانی کروا دی، احتجاجی ملازمین نے احتجاج ختم کر کے دوبارہ کام شروع کر دیا، کرونا کی پہلی لہر کے بعد حکومت پنجاب کیطرف سے الائیڈ ہسپتال میں بی ایس ایل تھری لیبارٹری قائم کی گئی جہاں کرونا کے ٹیسٹوں کا آغاز ہوا تو عملہ کی کمی کو پورا کرنے کے لیے تقریباً دو درجن کے قریب ملازمین کو 3ماہ کے کنٹریکٹ پر بھرتی کیا گیا جس میں الائیڈ ہسپتال، ڈی ایچ کیو اور جنرل ہسپتال غلام محمد آباد ہسپتال کے ملازمین کو کنٹریکٹ پر بھرتی کیا گیا الائیڈ ہسپتال کے ملازمین کو تو تنخواہوں کی ادائیگی ہو رہی تھی الائیڈ ہسپتال کے ایم ایس محمد ارشد چیمہ کے مطابق ڈی ایچ کیو اور جنرل ہسپتال غلام محمد آباد کے ملازمین کو کئی ماہ سے تنخواہیں نہ مل رہی تھیں جسکی وجہ سے ان ہسپتالوں کے لیے لیبارٹری میں کام کرنے والے ملازمین نے الائیڈ ہسپتال کے ملازمین کو بھی ساتھ ملا لیا اور تنخواہوں کی کئی ماہ سے عدم ادائیگی کا بہانہ بنا کر احتجاج شروع کر دیا جس پر فوری طور پر لیبارٹری میں ریگولر ملازمین کو لگایا گیا ٹیسٹوں میں کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئی۔ احتجاجی ملازمین کا کہنا تھا کہ انکے کئی ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے پر گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے اور اب عیدالفطر قریب آتے ہی ان کا صبر کا پیمانہ لبریز ہوا تو انہوں نے احتجاج شروع کیا مسلسل دوسرے روز احتجاج کرنے پر وی سی فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی نے احتجاجی مظاہرین کو 3مئی تک انکے واجبات کیے جانے کی یقین دہانی کروائی جس پر احتجاجی ملازمین پرامن طور پر منتشر ہو گئے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close