انسداد کورونا مہم میں علماء کو اہم کردار دینے کا فیصلہ، رابطے شروع کر دیئے گئے

اسلام آباد (آئی این پی )صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے انسدادِ کورونا احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کیلئے مختلف مکاتب فکر کے 14 علما سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور ان سے رمضان المبارک میں احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کرانے کیلئے علما سے اپنا کردار ادا کرنے کی اپیل کی ۔ا س دوران صدر مملکت نے کہاکہ علما کرام اپنے اپنے حلقہ اثر میں انسدادِ کورونا تدابیر پر عمل درآمد کرائیں،علما لوگوں کو ماسک پہننے اور وبا کی روک تھام کیلئے حکومت کیساتھ تعاون کی تلقین کریں ۔ انہوں نے کہاکہ حضور نبی کریمؐ کی وبا سے بچنے کیلئے دی گئی ہدایات پر عمل کی ضرورت ہے، علما اس امتحان میں قوم کو نظم و ضبط کا مظاہرہ کرنے کی تلقین کریں ۔علما ئے کرام نے بین المذاہب اور بین المکاتب ہم آہنگی کیلئے صدر مملکت کے کردار کی تعریف کی ۔ صدر مملکت نے مفتی محمد تقی عثمانی اور پیر محمد امین الحسنات سے بھی ٹیلیفونک گفتگو کی جس دوران مفتی تقی عثمانی نے انسداد کورونا کیلئے صدر مملکت کے کردار کو سراہااور ان سے اسپیکر قومی اسمبلی کی سربراہی میں قائم کمیٹی سے اوقاف بل پر جلد پیش رفت کرانے کی درخواست کی ۔ صدر مملکت نے پیر نقیب الرحمن، راجہ ناصر عباس سے بھی ٹیلیفونک گفتگوکی ۔اس موقع پرپیر محمد امین الحسنات نے اہم امور پر علما سے مشاورت پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا۔ عار ف علوی نے مولانا محمد حنیف جالندھری اور مولانا راغب حسین نعیمی سے بھی گفتگوکی ۔ صدر مملکت پیر نقیب الرحمن کی درخواست پر ان سے جلد ملاقات بھی کریں گے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں