عید الفطر کی چھٹیاں کم کی جائیں، وزیراعظم عمران خان کو خط لکھ دیا گیا

اسلام آباد (پی این آئی ) وزیر اعظم سے عید کی تعطیلات کے فیصلے پر نظرثانی کا مطالبہ کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اپٹما کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان سے عید کی تعطیلات کے فیصلے پر نظرثانی کا مطالبہ کیا گیا ہے ، اس ضمن میں سربراہ اپٹما گوہر اعجاز نے وزیراعظم عمران خان کو ایک خط لکھا ہے ، جس میں کہا گیا ہے کہ چھٹیاں 13مئی سے 16مئی تک صرف 4 دن کی ہونی چاہئیں ، کیوں کہ زیادہ چھٹیوں سے قومی خزانے کو اربوں کا نقصان ہوگا جب کہ ٹیکسٹائل اور دیگر برآمدات کا ہدف بھی متاثر ہوگا ، اس لیے حکومت عید تعطیلات کے فیصلے پر نظرثانی کرے کیوں کہ کاروباری افراد پہلے ایس او پیز پر مکمل طور پر عمل کررہے ہیں۔دوسری طرف عید الفطر کے موقع پر تعطیلات کے حوالے سے وفاقی حکومت کی جانب سے اہم اعلان کیا گیا ہے ، وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ عید الفطر کے موقع پر 5 چھٹیاں ملیں گی ، کوشش ہے کہ عید کے موقع پر ملک میں مکمل لاک ڈاون نہ لگایا جائے، جب کہ عید کے موقع پر کرونا کے پھیلاو کو روکنے کیلئے تمام سیاحتی مقامات 8 سے 16 مئی تک بند رہیں گے ، بتایا گیا ہے کہ عید الفطر کی تعطیلات کے حوالے سے نوٹیفیکیشن وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کیا جائے گا۔یاد رہے کہ گذشتہ روز این سی او سی کی سفارشات پر وزارت داخلہ نے چُھٹیوں کی سمری تیار کی، سمری کے مطابق سرکاری ملازمین کے لیے عید الفطر کی چُھٹیاں 10 مئی سے 16 مئی تک ہوں گی ، وزارت داخلہ کی جانب سے چُھٹیوں کی سمری وفاقی کابینہ کو ارسال کر دی گئی ہے ، چُھٹیوں کا حتمی نوٹیفکیشن وفاقی کابینہ کی جانب سے منظوری کے بعد جاری کیا جائے گا ، جب کہ پاکستان میں اس مرتبہ روزے 30 اور عید الفطر بروز جمعہ 14 مئی کو ہونے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close