این اے 249 کے ضمنی انتخاب میں ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی دوبارہ کرانے کا حکم

اسلام آباد (پی این آئی) کراچی کے حلقہ این اے 249 میں ضمنی انتخاب میں ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی دوبارہ کی جائے گی۔ اس حوالے سے فیصلہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سناد یا ہے۔ ہفتے کے روز الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما مفتاح اسماعیل کی این اے 249 میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں دوبارہ گنتی کی درخواست منظور کرلی۔ اس حلقے سے ن لیگ کے امیدوارمفتاح اسماعیل نے چیف الیکشن کمشنر کے نام خط لکھا تھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ ہمیں 30 سے زائد پولنگ سٹیشنز سے رزلٹ موصول نہیں ہوئے اور کئی فارم 45 پر دستخط نہیں ، بعض پریزائیڈنگ افسران کے رویے پر شدید تحفظات ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس فارم45 پر ووٹوں کی گنتی آر اوکی جانب سے دیئے گئے فارمز سے مختلف ہے اور ہمیں آر او کی جانب سے فارم 45 فراہم نہیں کئے گئے، ہمیں آر او نے پولنگ سٹیشن کے حساب سے رزلٹ سمری فراہم نہیں کی۔اس حوالے سےمفتاح اسماعیل نے کہا ہم نے آر او سے وٹس ایپ نتائج کی وصولی کے وقت کی رسید مانگی جو نہیں دی گئی، آر او نے ہماری ساری درخواستیں مسترد کرکے واضح جانبداری کا مظاہرہ کیا ، آدھے سے زیادہ فارم 45 پر آر او نے دستخط نہیں کئے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ نتائج کو حتمی شکل دینے سے روکا جائے اور این اے 249 کے تمام پولنگ سٹیشنز پر دوبارہ گنتی کرائی جائے۔الیکشن کمیشن نے مفتاح اسماعیل کی دوبارہ گنتی کی درخواست کو منظور کرتے ہوئے کیس4 مئی کو سماعت کے لیے مقرر کیا ہے۔یہ بات اہم ہے کہ ضمنی الیکشن میں پیپلزپارٹی کے امیدوار قادر خان مندوخیل 16156 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے اور (ن) لیگ کے مفتاح اسماعیل 15473 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے، اس طرح مفتاح اسماعیل اور قادر مندوخیل کے ووٹوں میں 683 ووٹوں کا فرق ہے۔۔۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close