کراچی(آن لائن)کراچی ٹریفک پولیس نے صدر جیسے مصروف علاقوں میں ٹریفک جام کھلوانے کے لیے سائیکل اسکواڈ متعارف کرواتے ہوئے ڈیوٹی کے دوران ٹریفک پولیس اہلکاروں کے اہم مسئلہ کے حل کرتے ہوئے موبائل ٹوائلٹ بھی فراہم کردیا گیا ہے، ڈی آئی جی ٹریفک کراچی نے میٹروپول ٹریفک چوکی پردونوں سہولیات کا معائنہ اور افتتاح کیا۔ڈی آئی جی ٹریفک کراچی اقبال دارا کے مطابق انہوں نے مانیٹر کیا کہ صدر جیسے مصروف ترین علاقے میںٹریفک جام کھلوانے کے لیے پولیس کی گاڑی یا ہیوی موٹر بائیک پر افسران کا پہنچنا مشکل ہوتا ہے جس کے لیے ابتدائی طور پر ایک سائیکل اسکواڈ تشکیل دیا گیا ہے جس کے پہلے مرحلے میں پانچ سائیکل سواروں کی صدر کے علاقے میںڈیوٹی لگائی گئی ہے،مخصوص یونیفارم پہنے سائیکل اسکواڈ کے اہلکار گشت بھی کریں گے اور جس علاقے میں ٹریفک جام کی شکایت ملے گی وہاں سائیکل پر پہنچ کر فوری طور پر ٹریفک بحال کریں گے،ڈی آئی جی ٹریفک کراچی اقبال دارا کے مطابق انہوں نے یہ بھی مانیٹر کیا کہ سڑکوں پر کئی کئی گھنٹے تک کھڑے ہوکر ڈیوٹی کے دوران ٹریفک پولیس اہلکاروں کو ٹوائلٹ جانے کے لیے شدیدمشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا جس کے لیے ان کی ہدایت پر تجرباتی طور پر ایک موبائل ٹوائلٹ تیار کیا گیا ہے،جس میں واش بیسن اور ٹوائلٹ کی سہولت فراہم کی گئی ہے،انہوں نے بتایا کہ یہ موبائل ٹوائلٹ شہر میں گشت کرے گا،ایسی جگہوں پر کچھ دیر تک روکا جائے گا جہاں ٹریفک پولیس اہلکاروں کے لیے آس پاس ٹوائلٹ کی سہولت موجود نہیں،اقبال دارا کے مطابق پولیس افسران فون کال کرکے بھی موبائل ٹوائلٹ طلب کر سکیں گے جبکہ شہر میں ہنگامی صورتحال کے دوران متعلقہ علاقے میں موبائل ٹوائلٹ رکھا جائے گا۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں