حکومتی فیصلہ مسترد، تاجر برادری نے کاروبار کھولنے کا اعلان کر دیا

راچی ( آن لائن) یکم مئی عام تعطیل پر ہفتے کے روز کراچی کے تجارتی مراکز بند نہیں ہوں گے ،کراچی کے تاجروں نے حکومت سندھ کی جانب سے صوبے میں ہفتہ کوسیف ڈیز کے تحت کاروبار کی بندش کو مسترد کرتے ہوئے آج بروز ہفتہ کو کاروبار کھلا رکھنے کا اعلان کر دیا ہے جس کے تحت کراچی کے20سے زائد تجارتی مراکز آج بھی کھلے رہیں گے۔آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر کے مطابق کورونا کے باعث کاروباری دورانیئے میں کمی اور سیف ڈیز کے تحت ہفتہ اور اتوار کاروبار کی بندش سے تاجروں کا دیوالیہ نکل گیا ہے اور وہ مسلسل بدحالی کا شکار ہوتے جار ہے ہیں ایسے میں کاروبار کی بندش تاجروں کو ذہنی اذیت میں مبتلا کرنے کے مترادف ہے اس لئے آل کراچی تاجر اتحاد نے تاجروں کے مفاد میں آج یکم مئی بروز ہفتہ کو کراچی کے 20 سے زائد تجارتی مراکز کھلا رکھنے کا اعلان کیا۔یوم مئی عام تعطیل پر ہفتے کے روز کراچی کے تجارتی مراکز بند نہیں ہوں گے کلفٹن،صدر،موبائل مارکیٹ، طارق روڈ، بہادرآباد، لیاقت آباد، حیدری سمیت دیگر تجارتی مراکزآج کھلے رہیں گے جبکہ اتوار کو کورونا ایس او پیز کے سیف ڈے میں تجارتی مراکز بند ہوں گے،گروسرز ایسوسی ایشن کے مطابق پاکستان کی سب سے بڑی اجناس منڈی جوڑیا بازاربھی ہفتہ کو کھلے گا۔آل کراچی تاجر اتحا د کے مطابق تین مسلسل چھٹیوں سے بچنے اور عوام کو عید شاپنگ میں سہولت کیلئے مارکیٹیں کھلا رکھنے کافیصلہ کیا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں