تعلیمی ادارے بند نہیں کیے گئے، پرائیویٹ سکولوں نے بڑا اعلان کر دیا

کراچی(آن لائن)آل سندھ پرائویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے چیئرمین حیدر علی، مرکزی رہنماؤں ڈاکٹر نجیب میمن، دوست محمد دانش، مرتضی شاہ، محمد سلیم، شہاب اقبال، محمد ساجد، اعجاز علی، یونس قائم خانی، منیر عباسی، اشفاق بیگ، شکیل سومرو اور دیگر ایگزیکٹو ممبران نے اسکولز کے حوالے سے سیکریٹری اسکول ایجوکیشن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے حوالے سے ضروری نکات کے سلسلے میں اپنے بیان میں کہا ہے کہ تعلیمی ادارے بند نہیں کیے گئے ہیں بلکہ سیکریٹری تعلیم کے جاری کردہ نوٹیفیکیشن مورخہ  26اپریل2021کے مطابق 17مئی 2021تک فزیکل کلاسز معطل کر کے متبادل طریقہ ہائے تعلیم اختیار کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں جن میں آن لائن، واٹس ایپ، ای میل، ہوم بیسڈ لرننگ کی حکمت عملی اختیار کرنے کا کہا گیا ہے ۔اسکولز سربراہان صفائی کے عملے اور ضروری تعداد میں اساتذہ کو بلا سکتے ہیں۔اساتذہ آن لائن کلاسز لیں گے اور جہاں یا جو بچے آن لائن کلاسز نہیں لے سکتے ان کے لیے ہفتہ وار ہوم ورک پلان تیار کریں گے ہفتے میں ایک دن بچوں یا ان کے والدین کو بلا کر ہوم ورک اسٹڈی پیک سمجھایا اور دیا جائے گا۔اسکولز کی انتظامیہ کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ تمام کلاسز کے ان طلبہ و طالبات جو آن لائن کلاسز نہیں لے سکتے ان کے لیے ہفتہ وار الگ الگ دن مخصوص کر دیں تا کہ تمام کلاسز کے بچوں یا ان کے والدین کو ایک ہی دن نہ آنا پڑے. اس سلسلے میں اسکول منتظمین اور سول ایڈمنسٹریٹرز کے درمیان اگر کوئی ابہام ہے تو سیکرٹری تعلیم سندھ سے متعلقہ اداروں کو وضاحتی نوٹیفکیشن کے اجراء کی درخواست کی گئی ہے تاکہ ادارے یکسوئی کے ساتھ اپنے کام کو جاری رکھ سکیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close