اسلام آباد(آئی این پی)وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے کہا کہ علمائے کرام کورونا وبا کی تیسری لہر سے بچاو اور ایس اور پیز پر موثر عملدرآمد کیلئے حکومتی کوششوں کا ساتھ دیں، انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں 21رمضان المبارک کو یوم شہادتِ حضرت علی کی تقریبات کی حوالے سے شیعہ علمائے کرام کے ساتھ تفصیلی مشاورت کی گئی،اجلاس میں اسلام آباد سے چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز، وزارتِ داخلہ، این سی او سی اور مذہبی امور کے شعبہ تحقیق و مراجع کے نمائندے شریک شریک ہوئے جبکہ لاہور ، کراچی اور کوئٹہ کے صوبائی محکمہ اوقاف کے دفاتر سے دیگر حکام اور شیعہ علما کرام نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی،وفاقی وزیرِ مذہبی امور پیر نور الحق قادری کا کہنا تھا کہ کرونا کی موذی وبا نے تمام انسانی طبقات اور شعبہ ہائے زندگی کو شدید متاثر کیا ہے،وزارتِ مذہبی امور نے وبا سے بچاو اور پھیلاو کو کم کرنے کیلئے گذشتہ سال علما کی مشاورت سے مساجد و امام بارگاہوں اور مذہبی اجتماعات کیلئے جامع احتیاطی تدابیر مرتب کیں جنہیں دیگر ممالک میں بھی پزیرائی ملی،مساجد، امام بارگاہوں اور مذہبی طبقات نے کرونا سے بچاو کی احتیاطی تدابیر پر دیگر شعبوں سے بڑھ پر عمل کیا، اب کورونا وائرس کی وبا کی اس تیسری لہر سے نجات کیلئے بھی تمام طبقات کو احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنا ہو گا،انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں سعودی عرب نے تراویح کی رکعات اورنمازیوں کی تعداد کو محدود کر دیا، نجف اشرف ، عراق میں مزارِمولا علی پر حاضری کے ایام اور زائرین کی تعداد کو بھی محدود کر دیا گیا ہے، پاکستان میں حضرت ِ علی کی یوم شہادت کے حوالے سے تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت جاری ہے،علما کرام اس موذی وبا سے بچاو اور ایس اور پیز پر موثر عمل درآمد کیلئے حکومتی کوششوں کا ساتھ دیں، حاصل ہونے والی تجاویز اور آراء کو وزیر اعظم عمران خان اور دیگر متعلقہ اداروں تک پہنچایا جائے گا۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں