کراچی (پی این آئی) کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249میں پیپلزپارٹی کے امیدوار نے مسلم لیگ ن پرووٹوں میں برتری حاصل کرلی، پیپلزپارٹی کے قادر مندوخیل 3113 ووٹوں کے ساتھ آگے جبکہ مسلم لیگ ن کے مفتاح اسماعیل 2930 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ تفصیلات کے مطابق 276 پولنگ اسٹیشنز میں 62 کے غیرحتمی اور غیرسرکاری نتائج موصول ہوئے ہیں، جس کے تحت پیپلزپارٹی کے قادر مندوخیل 3113 ووٹوں کے ساتھ آگے جبکہ مسلم لیگ ن کے مفتاح اسماعیل 2930 ووٹوں کے ساتھ دوسرے ، تحریک لبیک پاکستان کے نذیر احمد کے 2469 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر ہیں, پی ایس پی کے مصطفی کمال 2071 ووٹوں کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔اسی طرح ایم کیوایم کے حافظ محمد مرسلین 1710 ووٹ لے کر پانچویں نمبر ہیں۔تحریک انصاف کے امجد آفریدی 1580 ووٹ لے کر چھٹے نمبر ہیں۔واضح رہے کراچی کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے249 میں آج ضمنی انتخاب ہوا ہے، پولنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بلاتعطل جاری رہا، الیکشن مسلم لیگ ن کے امیدوار مفتاح اسماعیل اور تحریک انصاف کے امیدوار امجد آفریدی کے درمیان کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے۔حلقے میں مجموعی ووٹوں کی تعداد تقریباً 3 لاکھ 39 ہزار ہے، اب ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے۔ خیال رہے کہ این اے 249 کی نشست فیصل واوڈا کے سینیٹر بننے کے باعث خالی ہوئی تھی، اس نشست پر ن لیگ، پیپلز پارٹی، تحریک انصاف، پی ایس پی اور ایم کیو ایم پاکستان کے امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے۔ انتخابی عمل کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر پی ٹی آئی کے 5 ارکانِ اسمبلی کی این اے 249 سے حلقہ بدری کے احکامات جاری کیے گئے۔پی ٹی آئی کے اراکینِ اسمبلی فردوس شمیم نقوی، راجہ اظہر، سعید آفریدی، بلال غفار اور شاہ نواز جدون حلقے میں موجود تھے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے ان اراکینِ اسمبلی کی موجودگی اور الیکشن قوانین کی خلاف ورزی پر سخت نوٹس لیا گیا۔ جس پر انہیں حلقے دے باہر نکال دیا گیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں