کم لاگت گھروں کے منصوبے تیار، وزیر اعظم نے فوری کام شروع کرنے کا حکم دے دیا

سلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ تعمیراتی منصوبوں کے حوالے سے منظوری کا عمل مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے، ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کیلئے جنگلات کا تحفظ ضروری ہے، ریکارڈ ڈیجٹیلائز ہونے سے قبضہ مافیا اور غیر قانونی تجاوزات کا تدارک کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو قومی رابطہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ، تعمیرات و ڈویلپمنٹ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلا س کو بتایا گیا کہ وزیرِ اعظم کی ہدایات کی روشنی میں ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ پاکستان انجینئرنگ کونسل نے پاکستان بلڈنگ کوڈ کو مد نظر رکھتے ہوئے کم لاگت والے گھروں کے حوالے قومی معیار (نیشنل اسٹینڈرڈ سپیسی فیکیشنز) مرتب کئے گئے ہیں۔ ان معیار پر تمام صوبوں کی مشاورت و رضامندی شامل ہے، یہ مفصل کوڈ چار ماہ کی ریکارڈ مدت میں مرتب کیا گیا ہے۔ وزیرِ اعظم نے کم لاگت والے گھروں کے حوالے سے یکساں معیار پر مبنی کوڈ مرتب کرنے پر پاکستان انجینئرنگ کونسل و ودیگر کی کاوشوں کو سراہا۔وزیرِ اعظم کو صوبہ پنجاب اور صوبہ سندھ میں ہائوسنگ منصوبوں کے حوالے سے اب تک دی جانے والی منظوریوں اور رقبے کے بارے میں بریفنگ دی ۔چیف سیکرٹری پنجاب نے بتایا کہ اب تک 25607 درخواستیں موصول ہوئیں جو کہ 120.84 ملین مربع فٹ پر تعمیرات کے حوالے سے تھیں۔ ان درخواستوں میں سے 17572 درخواستیں منظور کی جا چکی ہیں جن کا رقبہ 64.29 ملین مربع فٹ ہے۔منظور شدہ منصوبوں میں رہائشی منصوبوں کا رقبہ 46.09 ملین مربع فٹ جبکہ کمرشل تعمیرات کا رقبہ 17.56 ملین مربع فٹ ہے ۔ بقیہ رقبے پر تعمیراتی منصوبوں کی درخواستیں زیر غور ہیں۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری سندھ نے بتایا کہ صوبہ سندھ میں اب تک پبلک سیل کے تقریبا 33 منصوبوں کی منظوری دی جا چکی ہے۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے بتایا کہ زمین کے استعمال کے حوالے سے ایل ڈی اے کے تجربے اور قوانین کو مدنظر رکھتے ہوئے دیگر تمام علاقوں کو انہی قواعد پر عمل کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے اس سے زمین کے استعمال کے حوالے سے معاملات کے جلد حل میں خاطر خواہ مدد ملے گی۔سروئیر جنرل آف پاکستان نے وزیرِ اعظم کو رجسٹر مال/پیمائش اراضی کی ڈیجیٹلائزیشن منصوبے کے حوالے سے پیش رفت سے آگاہ کیا۔سروئیر جنرل آف پاکستان نے شہروں کے ساتھ ساتھ ملک بھر کے جنگلات کا اراضی ریکارڈ ڈیجیٹلائز کرنے کے حوالے سے اب تک ہونے والی پیش رفت سے وزیر اعظم کو بریف کیا۔وزیرِ اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تعمیراتی منصوبوں کے حوالے سے منظوریوں کا مقررہ مدت میں مکمل کئے جانے کو یقینی بنایا جائے۔وزیرِ اعظم نے جنگلات کے تحفظ اور اس حوالے سے ریکارڈ کو ڈیجیٹل کرنے کی اہمیت پر خصوصی طور پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لئے جنگلات کا تحفظ از حد ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ کیڈاسٹری ریکارڈ کے ڈیجیٹلائز ہونے سے نہ صرف جنگلات کا تحفظ ممکن ہوگا بلکہ جنگلات کے حوالے سے قبضہ مافیا اور غیرقانونی تجاوزات کا تدارک کرنے میں مدد ملے گی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close