کراچی، این اے 249، پی ٹی آئی یا ن لیگ؟ ضمنی انتخاب میں ووٹنگ جاری

کراچی (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فیصل واوڈا کے استعفے کے بعد کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 میں ضمنی الیکشن کے لیے ووٹنگ کا عمل جاری ہے۔پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔این اے 249کی آبادی 8 لاکھ کے لگ بھگ ہے جبکہ رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد تین لاکھ 39 ہزار 591 ہے۔ یہاں مختلف قومیتوں کے لوگ سالہا سال سے آباد ہیں، اور حلقے کی آبادی کا زیادہ تر حصہ نوکری اور مزدور پیشہ افراد پر مشتمل ہے۔ 2018 میں ہونے والے عام انتخابات میں اس حلقے میں تین جماعتوں تحریک انصاف، مسلم لیگ ن اور تحریک لبیک (ٹی ایل پی) کے مابین مقابلہ ہوا تھا۔ن لیگ سے بہت سخت مقابلے کے بعد تحریک انصاف کے فیصل واوڈا نے 35,349 ووٹ لے کر یہ نشست جیتی تھی جب کہ ن لیگ کے صدر شہباز شریف محض 723 ووٹوں کے فرق سے ہار گئے تھے۔ انہوں نے 34،626 ووٹ حاصل کیے تھے۔ ن لیگ نے سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کو میدان میں اتارا ہے جبکہ تحریک انصاف کی طرف سے امجد آفریدی کو ان کے مدمقابل انتخاب لڑنے کے لیے منتخب کیا ہے۔
ضمنی انتخاب کے امیدواروں میں ایک اور مشہور نام پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال کا ہے۔ ان کی جماعت پی ایس پی جنرل الیکشنز میں کوئی بھی سیٹ جیتنے میں ناکام رہی تھی، تاہم ضمنی انتخاب میں وہ بہتر کارکردگی کے لیے پُرامید ہیں۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کی گئی حتمی فہرست کے مطابق اس ضمنی انتخاب میں مجموعی طور پر 30 امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close