ایف آئی اے نے سی ڈی اے میں کرپٹ افسران کے خلاف شکنجہ کس لیا، جعلی الاٹمنٹ پر 10افسران کے خلاف مقدمہ درج ،چار افسران گرفتار

اسلام آباد(آن لائن)وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے سی ڈی اے میں کرپٹ افسران کے خلاف شکنجہ کس لیا ہے،پلاٹوں کی جعلی الاٹمنٹ پر 10افسران کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا،جن میں سے چار افسران کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ دیگر مفرور ہیں جن کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ذرائع کے مطابق ڈائریکٹرایف آئی اے اسلام آباد زون وقار احمد چوہان کی ہدایت پر سی ڈی اے میں موجود کرپٹ افسران کے خلاف بڑی کاروائی سامنے آئی ہے۔سیکٹر 2-11/I اسلام آباد میں پلاٹوں کی جعلی الاٹمنٹ کے معاملہ پر ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل نے سی ڈی اے کے 10 افسران کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ۔ مقدمہ 03/2021 زیر دفعات 420, 468, 471, A- 477, 34 تعزیرات پاکستان و 47(2)5 انسداد کرپشن ایکٹ کے تحت درج کیا گیا ہے ان میں سے چار افسران محمد علی جونیجو ، فخر الدین لہری ڈویژنل آڈٹ آفیسر سٹیٹ مینجمنٹ ون سی ڈی اے، مسعود جیلانی اور محمد حنیف ڈیلنگ اسسٹنٹ کو گرفتار کر لیاگیا ہے جبکہ باقی افسران کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں جن کی گرفتاریاں رات گئے تک مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ان افسران میں عنایت اللہ خان ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر،آفتاب جافرانی،ای ایم او،فرید الدین،ایڈیشنل ڈائریکٹر ای اینڈ اے،رانا فرحان،ڈپٹی ڈائریکٹر ایل اینڈ آر ،امداد علی،اسسٹنٹ ڈائریکٹر ای اینڈ اے اور اختر خان،ڈیلنگ اسسٹنٹ شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق دوران تفتیش یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزمان لاکھوں روپے لیکر پلاٹوں کی جعلی الاٹمنٹ میں ملوث پائے گئے۔واضح رہے کہ سی ڈی اے افسران کے خلاف مزید انکوائریاں بھی جاری ہیں اوراس کے علاوہ ایف آئی اے اس سے قبل بھی کئی افسران کے خلاف کارروائی کرچکی ہے جو گرفتاری کے بعد رہا بھی ہوچکے ہیں اور کئی افسران کے خلاف انکوائریاں زیر التوا ہیں۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close