این اے 249 میں پولنگ سے قبل ہی دھاندلی کا دعویٰ کر دیا گیا

اسلام آباد(آئی این پی)مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر اورسابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاہے کہ این اے 249میں تمام طرح کے خدشات موجود ہیں ،شفاف الیکشن کرانا چاہیے ، الیکشن کمیشن اور انتظامیہ غیر متنازعہ انتخاب ممکن بنائے ، کچھ پولنگ اسٹیشنز پر دھاندلی ہوسکتی ہے ، من پسند عملہ تعینات کرایا جا رہا ہے ، موجودہ حکومت کا ہر وزیر کرپٹ ہے،بشیر میمن نے حکومت کو بے نقاب کردیا ہے ، پورا یقین ہے عدالتیں ان کی باتوں کا نوٹس لیں گی،جاوید لطیف کی گرفتاری کا انتخاب پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔بدھ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر وسابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ضمنی انتخابات سیاست کا حصہ ہیں ،لوگوں کو اپنی رائے کا حق دینا چاہیے ،این اے 249میں تمام طرح کے خدشات موجود ہیں ،شفاف الیکشن کرانا چاہیے ، الیکشن کمیشن اور انتظامیہ غیر متنازعہ انتخاب ممکن بنائے ، حساس پولنگ اسٹیشن پر پولیس کی نفری بڑھائی جائے ۔انہوں نے کہا کہ کچھ پولنگ اسٹیشنز پر دھاندلی ہوسکتی ہے ، من پسند عملہ تعینات کرایا جا رہا ہے ، جاوید لطیف کی گرفتاری کا انتخاب پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، ہم تین سال سے ریاستی ظلم کا مقابلہ کر رہے ہیں، حکومت نے جہاں بھی کوشش کی اسے منہ کی کھانی پڑی ، یہ حکومت ناکام ہوچکی ہے ، اس حکومت کا حکومت چلانا ہے گرفتاریاں کرنا نہیں ، اس حکومت کا ہر وزیر کرپٹ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سابق ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن یا کسی بھی افسر کو سیاسی تعلقات کی بناء پر تعینات نہیں کیا، بشیر میمن سے میری کبھی کوئی ملاقات نہیں ہوئی ، نہ ہی میں نے ان کو کبھی کسی کی گرفتاری کیلئے فون کیا ،بشیر میمن پولیس کے اعلیٰ عہدوں پر فائز رہے ،ان کی شہرت پورا ملک جانتا ہے ، جو ان کی باتوں کی تردید کررہے ہیں ان کی بھی شہرت پورا پاکستان جانتا ہے ۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ بشیر میمن نے حکومت کو بے نقاب کردیا ہے ، پورا یقین ہے عدالتیں ان کی باتوں کا نوٹس لیں گی ، نوازشریف کے اقامے پر نوٹس لیا جا سکتا ہے تو بشیر میمن کے انکشافات کا بھی نوٹس لیا جائے ، یہ کوئی چھوٹا مسئلہ نہیں ،یہ اس جج کے خلاف کیس بنانے کی سازش ہے جس نے چند سالوں پر چیف جسٹس بننا ہے ، اس معاملے کا نوٹس لیا جائے ، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف جھوٹا مقدمہ بنایا گیا۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close